Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ریل کا راستہ تبدیل کرنے کے مطالبہ پر سلطان بازار تاجروں کا بند

میٹرو ریل کا راستہ تبدیل کرنے کے مطالبہ پر سلطان بازار تاجروں کا بند

حیدرآباد 27 اکٹوبر ( سیاست نیوز) سلطان بازار ٹریڈرس اسوسی ایشن نے آج سلطان بازار سے حیدرآباد میٹرو ریل راستہ کی تبدیلی کے مطالبہ پر ’ سلطان بازار بند ‘ منظم کیا جو کامیاب رہا ہے ۔ کنوینر سلطان بازار ٹریڈرس اسوسی ایشن و سینئیر تلنگانہ جہد کار مسٹر ڈی شنکر ، جنرل سکریٹری مسٹر سی مدھوسدن راؤ ، نائب صدر مسٹر محمد منیر الدین ، 1969 تلنگانہ جہد کار ڈاکٹر سریدھر ریڈی ، سابق رکن اسمبلی مسٹر سریندر راؤ ، پروفیسر وینکٹ راجم شریمتی کے سندھیا رانی نے میڈیا کے نمائندوں سے بتایا کہ سلطان بازار اور کوٹھی شہر کا تاریخی تجارتی مرکز ہے جو نظام دور حکومت سے چلتا آرہا ہے جہاں پر بڑے متوسط اور چھوٹے تجارت پیشہ افراد روزگار حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کوٹھی کے علاقہ میں واقع پتلی باولی تا نارائن گوڑہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کاریڈر II کے راستہ میں تبدیلی نہ لائی گئی تو سلطان بازار مارکٹ کے ہزاروں تجار بے روزگار ہوجائیں گے اور یہ بھی خود کشی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تحریک تلنگانہ کے دوران اور برسر اقتدار آنے کے بعد بھی سلطان بازار کے تجارت پیشہ افراد اور دوکانداروں کو سلطان بازار سے حیدرآباد میٹرو ریل راستہ کو تبدیل کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن میٹرو ریل حکام کی جانب سے گذشتہ 15 دن سے راتوں رات سروے کا کام جاری ہے جس کے نتیجہ میں سلطان بازار کے تجار میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروجکٹ سے متعلق ایچ ایم آر ایم ڈی چیف منسٹر کو گمراہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے نام پر برسر روزگار افراد کو بے روزگار کرنا درست نہیں ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری سلطان بازار سے میٹرو ریل کاریڈر II کے راستہ میں تبدیلی کے احکامات جاری کریں تاکہ قدیم سلطان بازار کے تجارت پیشہ افراد کو بے روزگاری سے محرومی سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اسوسی ایشن قائدین مسرز رام داس ، سنجیو راؤ ، ہریش راؤ اور دیگر موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT