Monday , February 19 2018
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ریل کے اصول و ضوابط اور شرح ٹکٹ کا اعلان

میٹرو ریل کے اصول و ضوابط اور شرح ٹکٹ کا اعلان

مسافرین کے تحفظ و سہولیات کے لیے مختلف رہنمایانہ اقدامات ، ریل گائیڈ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( ایجنسیز ) : حیدرآباد کے لیے نہایت اہمیت کا حامل میٹرو ریل میں سفر کرنے والے مسافرین کو مشورے دئیے گئے ہیں کہ وہ سفر سے پہلے میٹرو کے راستے ، اسٹیشن کے علاقے اور میٹرو ریل کے نظام الاوقات سے واقف ہوجائیں ۔ یہ جانکاری سبھی میٹرو اسٹیشنوں اور میٹرو ریل کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہوگی ۔ ایل ٹی ایم آر ایچ ایل کے منیجنگ ڈائرکٹر و سی ای او شیوانند نیبارگی نے میٹرو ریل گائیڈ جاری کی ۔ اس گائیڈ میں اسٹیشن تک پہنچنے ، اسٹیشن کی زمینی کیفیت و حالت ، ریلوے پلیٹ فارم تک کی مختلف جانکاریاں دی گئی ہیں ۔ مسافرین سے کہا گیا ہے کہ وہ سیڑھیوں کا استعمال کرتے ہوئے دوسرے مسافرین کے لیے رکاوٹ نہ بنیں ۔ بچوں و ضعیفوں اور سامان کے ساتھ ہونے پر ایسکلیٹر اور ایلیویٹر کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اصولی طور پر میٹرو کا سفر کرنے والوں کو مشورے دئیے گئے ہیں کہ وہ اسمارٹ کارڈ کا استعمال کریں ۔ اس میں ٹاپ اپ آن لائن وغیرہ اسٹیشن سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ ٹکٹ لینے کے لیے ٹکٹ مشین کاونٹرس کو استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح اسمارٹ کارڈ ہونے پر ٹکٹ وینڈنگ مشین سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ ایڈ ویلومشین سے بھی اسمارٹ کارڈ کو ٹاپ اپ کیا جاسکتا ہے ۔ میٹرو گائیڈ کے مطابق اسٹیشن کے چاروں طرف آمد و رفت کے راستے ہیں ۔ پیڈ ایریا میں وہی لوگ آسکتے ہیں جنہوں نے ٹوکن حاصل کیا ہے ۔ اسٹیشن کے پاس کی گلی ، ٹکٹ کاونٹر کے علاوہ مشین سے لے کر سیکوریٹی جانچ تک اَن پیڈ ایریا ہوگا ۔ لیگیج کے لیے بھی میٹرو میں اصول و ضابطے بنائے گئے ہیں ۔ لیگیج 10 کیلو سے زیادہ کے نہیں ہوں گے اور اس کی لمبائی60 سینٹی میٹر ، چوڑائی 45 سنٹی میٹر اور اونچائی 25 سینٹی میٹر سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے ۔ ٹریمنل گیٹ میں ٹوکن اور اسمارٹ کارڈ کے بغیر داخلہ نہیں مل سکے گا ۔ اگر مسافرین کے ساتھ بچے ہوں جس کی لمبائی تین فٹ سے کم ہو تو اس کے لیے ٹوکن کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ لیکن مسافرین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے بچے کو اپنے سامنے بالکل ساتھ رکھ کر ٹریمنل گیٹ پار کریں ۔ اسٹیشن کے آس پاس مسافرین کی سہولتوں کے لیے جانکاریوں سے متعلق بورڈ لگائے گئے ہیں ۔ یہاں میٹرو کے راستے کا نقشہ اور احتیاطی جانکاری دستیاب ہوگی ۔ سبھی جگہوں پر رہنمائی کرنے والی پٹیاں لگائی گئی ہیں ۔ ایمرجنسی کے حالات اور تحفظ کے لیے ضروری اطلاعات مسافرین یہاں سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ ٹرین کے اندر بھی ایک ایمرجنسی کال بٹن ہوگا ۔ پلیٹ فارم پر مسافرین کے تحفظ کے لیے ایک زرد لائن بنائی گئی ہیں ۔ یہ لائین مسافرین اسی وقت پار کریں گے جب ٹرین اسٹیشن پر رکی ہوگی ۔ مسافرین ٹرین میں سوار ہونے کے لیے قطار میں کھڑے رہیں گے اور پہلے اترنے والوں کو موقع دیا جائے گا ۔ ٹرین میں سوار ہونے کے بعد اپنے لیے سیٹ تلاش کریں ، سیٹ دستیاب نہ ہونے پر ہینڈ ریل کو پکڑیں ۔ ضرورت مندوں جیسے ضعیفوں ، بچوں اور خواتین کا خیال رکھتے ہوئے انہیں سیٹ فراہم کرائیں ۔ اسٹیشن سے باہر نکلتے ہوئے بھی سیڑھیوں ، ایسکلیٹر و ایلیویٹر کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ باہر نکلنے کے گیٹ کے پاس ٹوکن کا استعمال کر کے ہی باہر نکلا جاسکتا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT