Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ٹرین تعمیرات سے پانی رسنے کے مقامات کا معائنہ

میٹرو ٹرین تعمیرات سے پانی رسنے کے مقامات کا معائنہ

کاموں میں کوئی نقص نہیں۔ مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ٹرین کا دعوی
حیدرآباد 26اگسٹ ( آئی این این ) شدید بارش کے دوران کچھ مقامات پر میٹرو ریل کی تعمیرات میں زیادہ پانی جمع ہوجانے اور کچھ مقامات سے پانی رسنے کی اطلاعات کے پیش نظر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے مینیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے آج بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات اور مادھا پور اور ہائی ٹیک سٹی اسٹینشوں کے علاوہ پرکاش نگر اور پریڈ گراونڈ اسٹینشوں کے درمیان پٹریاں بچھائے جانے کے کاموں کا مشاہدہ کیا ۔ پانی رسنے کے مقامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچھ مقامات پر پٹریوں سے متعلق کاموں کی عدم تکمیل کی وجہ سے میٹرو ریل کی تعمیرات سے پانی رس رہا ہے ۔ اس کے علاوہ پای کے بہنے کیلئے جو نظام کیا گیا ہے اسے عارضی طور پر بند بھی کیا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ یہاں پانی رس رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہاں تعمیراتی سامان کی موجودگی سے پانی کا بہاؤ متاثر ہو رہا ہے ۔ پانی رسنے کی وجہ تعمیر میں کوئی خرابی یا نقص نہیں ہے ۔ کہا گیا ہے کہ میٹرو ٹرین کی پٹریاں راست طور پر کنکریٹ کے تھموں پر بچھائی جا رہی ہیں اور کچھ مقامات پر ابھی بھی ان تھموں اور پٹریوں کی تنصیب کا کام جاری ہے اسی لئے کچھ مقامات پر بارش کے پانی کا رخ عارضی طور پر موڑا گیا ہے اسی وجہ سے کہیں کہیں پانی رس رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آئندہ ایک ماہ میں پانی رسنے کا یہ سلسلہ روک دیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ جہاں کہیں کسی طرح کی خرابی ہوگی اسے فوری دور کیا جائیگا اور اگر کوئی مستعملہ شئے خراب ہوتی ہے تو اسے تبدیل بھی کردیا جائیگا ۔ مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے کہا کہ پانی رسنے کے بیشتر مقامات کا مشاہدہ کرلیا گیا ہے اور یہاں اسے روکنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دوسرے مقامات پر پانی رسنے کی جو اطلاعات ہیں انہیں بھی مرحلہ وار انداز میں نمٹ لیا جائیگا اور اس کیلئے پٹریوں کے کام کی تکمیل کا انتظار نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام میٹرو اسٹیشنوں پر چھت ‘ پلیٹ فارم اور راستوں پر گٹر فکسنگ کے کاموں کو بھی تیزی سے مکمل کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مابقی اسٹینشوں پر گرانائیٹ فلورنگ اور بعض مقامات پر جو سوراخ ہیں انہیں جلد بند کرلیا جائیگا ۔

TOPPOPULARRECENT