Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ٹرین سرویس میں تاخیر کیلئے ٹی آر ایس حکومت ذمہ دار

میٹرو ٹرین سرویس میں تاخیر کیلئے ٹی آر ایس حکومت ذمہ دار

حیدرآباد ۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے ریاستی وزیر پنچایت راج کے ٹی آر کے علاوہ دوسرے وزراء کے تجرباتی سفر کو میٹرو ٹرین کے قیام میں ہونے والی تاخیر سے عوام کی توجہ ہٹانے کا حربہ قرار دیا ہے۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ شہریوں کو ایک مقام سے دوسرے مقام پہنچنے کی سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک مسائل کو دور کرنے کے مقصد سے کانگریس حکومت نے 14,132 کروڑ روپئے کے مصارف سے میٹرو ٹرین کی عوام کو سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میٹرو ٹرین کا کنٹراکٹ ایل اینڈ ٹی کو دیتے ہوئے جولائی 2010ء میں بھومی پوجا کی گئی تھی۔ میٹرو ٹرین کا پہلا مرحلہ گذشتہ اگادی کے موقع پر ہی شروع کردیا جانا تھا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے پراجکٹ کی روٹ لائن پر اعتراض کرتے ہوئے منظم طریقہ سے پراجکٹ کی تعمیرات میں تاخیر کی ہے۔ سلطان بازار اور تاریخی اسمبلی عمارت کا تحفظ کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ 18 ماہ بعد اپنے فیصلے سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے پہلے جو روٹ تیار کی گئی تھی اس کے مطابق ہی میٹرو ٹرین لائن کا فیصلہ کیا گیا۔ اس تاخیر کی وجہ سے 2,100 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر مسٹر کے ٹی آر اور دوسرے وزراء نے میٹرو ٹرین کا تجرباتی سفر کرتے ہوئے نقصانات اور تاخیر سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔ ریاستی وزیر پنچایت راج کے ٹی آر کی جانب سے میٹرو ٹرین اور اس کے لائنوں کی ستائش کرتے ہوئے قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ماہرین کی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے میٹرو ٹرین کی منظوری دی تھی۔ کانگریس کے دورحکومت میں ہی میٹرو ٹرین پراجکٹ کا پہلا پلر (Pillar) تعمیر کیا گیا تھا کانگریس حکومت نے اس پراجکٹ کیلئے کئی مخالفتوں کا سامنا کیا تھا۔ تاہم ٹی آر ایس حکومت صرف اور صرف کانگریس حکومت کو میٹرو ٹرین کا اعزاز ملنے کے خوف سے پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر کررہی ہے۔ تجرباتی سفر کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے وزراء عوام کو یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں یہ پراجکٹ ٹی آر ایس حکومت کی مرہون منت ہے۔

TOPPOPULARRECENT