Saturday , October 20 2018
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ٹرین کانگریس کا کارنامہ ، آج پاور پوائنٹ پریزنٹیشن

میٹرو ٹرین کانگریس کا کارنامہ ، آج پاور پوائنٹ پریزنٹیشن

کے سی آر سہرا اپنے سر باندھنے کوشاں، پرانے شہر کو نظر انداز کردیا گیا : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی 26 نومبر کو سہ پہر 3 بجے گاندھی بھون میں میٹرو ٹرین پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کریں گے ۔ جس میں پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے پلان کو منسوخ کرنے پر بھی روشنی ڈالیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ میٹرو ٹرین کانگریس حکومت کا کارنامہ ہے ۔ میٹرو ٹرین چلانے کی کانگریس نے تجویز تیار کی ڈیزائن کو منظوری دی اور تعمیری کاموں کو بھی تقریبا مکمل کردیا تھا ۔ میٹرو ٹرین کے پراجکٹ کو حیدرآباد لانے میں وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر کا کوئی رول نہیں ہے ۔ تاہم میٹرو ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے مودی اور کے سی آر اس کو خود کا کارنامہ قرار دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جس کے خلاف وہ 26 نومبر کو گاندھی بھون میں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ تمام تفصیلات پیش کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کے سی آر نے کانگریس کی جانب سے تیار کردہ پلان پر اعتراض کرتے ہوئے 3 سال تک کاموں میں رکاوٹ پیدا کردی تین سال کے بعد اسی پلان کے تحت میٹرو ٹرین کی ماباقی تعمیرات انجام دی گئی ہیں ۔ تین سال کی تاخیر سے سرکاری خزانے پر 3500 کروڑ روپئے کا اضافہ بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ کے سی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد ایک کیلو میٹر بھی نئی ریلوے لائن نہیں بچھائی گئی اور نہ ہی کوئی نیا ریلوے اسٹیشن تعمیر کیا گیا ہے ۔ کانگریس حکومت نے جو پلان تیار کیا تھا اس پر ہی کام ہورہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے املی بن سے فلک نما تک پرانے شہر میں میٹرو ٹرین چلانے کا پلان تیار کیا تھا۔ ٹی آر ایس حکومت نے اس پلان کو منسوخ کرتے ہوئے پرانے شہر کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی ہے اور پرانے شہر کو ترقی سے محروم کرنے کی سازش پر عمل کیا جارہا ہے ۔ ہر ایک سازش کا وہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ پردہ فاش کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT