Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / میچ فکسرس پر تاحیات پابندی کی حمایت : محمد عامر

میچ فکسرس پر تاحیات پابندی کی حمایت : محمد عامر

کراچی۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کرکٹر محمد عامر نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ کرنے والوں کے خلاف تاحیات پابندی عائد کی جانی چاہئے۔ عامر جو انگلینڈ کے لارڈس سے ہی کرکٹ میں دوبارہ واپس آرہے ہیں جہاں 2010ء کے دوران رسوائے زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلے گئے تھے اور ان پر پانچ سال کی پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔ پاکستانی فاسٹ بولر نے انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک کے تبصروں کی تائید کی جن میں انہوں نے کہا تھا کہ کوئی بھی میچ فکسنگ کرتا ہوا پکڑا جاتا ہے، اس کو ہمیشہ کے لئے اسپورٹس سے باہر نکال پھینکنا چاہئے اور اس پر تاحیات پابندی عائد کردینا چاہئے۔ عامر نے انگلینڈ میں چار ٹسٹ میچوں کیلئے دورہ پر روانگی سے قبل کہا کہ ’’اگر اب بھی فکسنگ ہورہی ہے تو تشویشناک ہے۔ فکسرس پر تاحیات پابندی لگانے کی میں مکمل تائید کرتا ہوں‘‘۔ 24 سالہ محمد عامر لارڈس میں ایک سردمہرانہ استقبال کی توقع کرسکتے ہیں جہاں وہ دانستہ طور پر نو بال ڈالتے ہوئے پکڑے گئے تھے اور برطانوی اخبار کے اسٹنگ آپریشن میں اس واقعہ کا انکشاف ہوا تھا۔ الیسٹر کک نے اگرچہ میچ فکسنگ کرنے والوں کو اسپورٹس سے ہی باہر نکال پھینکنے کی حمایت کی ہے تاہم کہا کہ عامر کے خلاف کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ وہ امتناع مکمل کرنے کے بعد اس سال جنوری سے بین الاقوامی کرکٹ میں دوبارہ واپس آئے ہیں۔ واضح رہے کہ عامر اور نئی گیند کے ساجھیدار محمد آصف نے کپتان سلمان بٹ کی ہدایات پر نو بال ڈالا تھا۔ ان تینوں کو اسپورٹس ایجنٹ مظہر مجید کے ساتھ سزائے قید اور پانچ سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آن لائن اسپورٹس میں
وار کرافٹ کا داخلہ
نئی دہلی۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں ڈیجیٹل گیمس (آن لائن اسپورٹس) کی مانگ میں کافی اضافہ ہورہا ہے اور خاص کر اسکولی سطح پر طلبہ میں ڈیجیٹل گیمس کے مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں۔ رواں ہفتہ جی ٹو اے ڈاٹ کام نے ہندوستان میں ڈیجیٹل گیمس کے مداحوں کے لئے ہالی ووڈ فلم وار کرافٹ دی بگننگ کا استعمال کرتے ہوئے نئی گیمس متعارف کی ہے۔ یاد رہے کہ ڈیجیٹل اسپورٹس میں ورلڈ آف وارکرافٹ کو عالمی شہرت حاصل ہے۔

TOPPOPULARRECENT