Tuesday , September 18 2018
Home / شہر کی خبریں / میڈی کیر ملازمین کا دفتر پراویڈنٹ فنڈ پر دھرنا

میڈی کیر ملازمین کا دفتر پراویڈنٹ فنڈ پر دھرنا

پی ایف پر عمل آوری سے انتظامیہ کے ٹال مٹول کے خلاف احتجاج

پی ایف پر عمل آوری سے انتظامیہ کے ٹال مٹول کے خلاف احتجاج
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ایم جی آر ایم میڈی کیر ایمپلائز یونین قائدین نے آج سی آئی ٹی یو کی زیر قیادت اپنے حل طلب مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے دفتر ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ برکت پورہ کے باب الداخلہ پر بڑے پیمانے پر دھرنا پروگرام منظم کیا ۔ اس موقع پر سکریٹری چیرالا پلی صنعتی علاقہ مسٹر پی لکشمیا نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ چیرالا پلی صنعتی علاقہ فیس II میں واقع ایم جی آر ایم میڈی کیر پرائیوٹ لمٹیڈ کمپنی میں جملہ 130 ملازمین برسر خدمت ہیں اور گذشتہ 8 سال سے اس کمپنی میں ملازمین اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن کمپنی کی جانب سے 130 ملازمین کے منجملہ صرف 47 ملازمین کو ہی پی ایف سے مربوط کیا گیا ہے جب کہ مابقی 83ملازمین کو پی ایف سے محروم رکھا گیا ہے ۔ اور مذکورہ کمپنی کا انتظامیہ پی ایف پر عمل آوری میں ٹال مٹول پالیسی اختیار کررہا ہے جس کے نتیجہ میں ملازمین کو کافی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے اور کہا کہ ملازمین کی جانب سے پی ایف پر عمل کے لیے مطالبہ کرنے پر کمپنی تمام ملازمین کو کنٹراکٹ ملازمین میں تبدیل کردینے کی کوشش کررہی ہے اور کمپنی کے خاتون ملازمین کو بھی کمپنی کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملازمین کو پی ایف پر عمل آوری سے متعلق گذشتہ 4 ماہ قبل 31 جولائی کو اس سلسلہ میں پی ایف کمشنر کو ایک یادداشت بھی حوالے کی گئی تھی لیکن تاہم اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت ہوئی اور نہ کوئی سنوائی ۔ انہوں نے پراویڈنٹ فنڈ انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کمپنی کا معائنہ کرتے ہوئے ایم جی آر ایم کے ملازمین کو پی ایف پر عمل آوری کے علاوہ ای ایس آئی سہولت کے ساتھ ساتھ دیگر اہم سہولتوں کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کرے بصورت دیگر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری سی آئی ٹی یو ، ایمپلائز یونین مسٹر سرینواسلو ، صدر ایم جی آر ایم ا یمپلائز یونین مسٹر ایس سہادیو ، جنرل سکریٹری ایم جی آر ایم ورکرس یونین محترمہ شاہین بیگم ، ایم جی آر ایم ایمپلائز یونین قائدین شریمتی اوما رانی ، شریمتی وجیا ، شریمتی پدما ، شریمتی وی ہیمالتا ، شریمتی منجولا ، شریمتی جیوتی ، شریمتی انیتا کے علاوہ دیگر ایم جی آر ایم ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بعد ازاں اس موقع پر یونین قائدین نے اپنے مطالبات پر مشتمل ایک یادداشت اسسٹنٹ کمشنر پراویڈنٹ فنڈ مسٹر شیو لنگم کے حوالے کی جس پر انہوں نے اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرنے کا تیقن دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT