Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / میکسویل بھی زخمی ہو کر آئی پی ایل سے باہر

میکسویل بھی زخمی ہو کر آئی پی ایل سے باہر

موہالی ؍ سڈنی ، 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایل) میں کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کرنے والے گلن میکسویل بھی انجری کا شکار کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہوکر لیگ سے باہر ہو گئے ہیں۔ جارحانہ بیٹنگ کیلئے شہرت رکھنے والے آسٹریلین بیٹسمن پیٹ کے پٹھوں میں کھنچاؤ کے سبب تکلیف محسوس کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے احتیاطی طور پر وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ آسٹریلین ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ڈیوڈ بیکلی نے کہا کہ یہ زیادہ سنجیدہ نوعیت کی انجری محسوس نہیں ہوتی اور ممکنہ طور پر 6 جون سے گیانا میں شروع ہونے والے ویسٹ انڈیز ٹور میں وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ آسٹریلیا کے دورۂ ویسٹ انڈیز کا آغاز سہ ملکی سیریز سے ہو گا جس میں میزبان ویسٹ انڈیز کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی شریک ہو گی۔ ڈیوڈ بیکلی نے کہا کہ ’’ہم رواں ماہ کے آخر میں دورۂ ویسٹ انڈیز پر روانگی سے قبل انہیں انجری سے صحت یابی کیلئے مناسب وقت فراہم کرنا ضروری سمجھتے ہیں‘‘۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا کے ہی اسٹیون اسمتھ، مچل مارش، شان مارش اور جان ہیسٹنگز بھی انجری کے سبب وطن واپس لوٹ گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT