Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / میکسیکو میں شدید زلزلہ، 250 افراد ہلاک

میکسیکو میں شدید زلزلہ، 250 افراد ہلاک

 

مہلوکین میں 21 اسکولی طلبہ بھی شامل
ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ، صدر کا دورہ

میکسیکوسٹی ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) میکسیکو میں زبردست زلزلہ کی وجہ سے ایک ایلیمنٹری اسکول کی عمارت ملبہ کا ڈھیر بن گئی جس میں 21 اسکولی طلبہ دب کر ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 248 ہوگئی ہے۔ زلزلہ کی شدت ریختر پیمانہ پر 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ اس تباہی سے میکسیکو میں دوسرے زبردست زلزلہ کی یادیں تازہ ہوگئیں جو 1985ء میں آیا تھا اور ملک کا مہلک ترین زلزلہ تھا۔ میکسیکوسٹی کے جنوب میں پرائمری اسکول اینرک ریبسامین میں دلسوز مناظر دیکھے گئے جہاں تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس میں طلبہ اور اساتذہ پھنس گئے۔ 21 اسکولی طلبہ اور 5 بالغ افراد ہلاک ہوگئے۔ میکسیکو بحریہ کے میجر جوس نے کہا کہ بچاؤ کارروائیوں میں ہزاروں فوجی، پولیس، شہری رضاکار اور بچاؤ کارکن مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 تا 40 افراد اب بھی ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تاحال 11 بچوں کو بچا لیا گیا ہے۔ ہنگامی کارکنوں نے ایک استاد اور ایک طالب علم کو ملبہ کے نیچے سے زندہ برآمد کرنے کی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے لیکن صورتحال مشکل ہے۔ رات دیر گئے ملبہ کا کچھ حصہ بچاؤ کارکنوں پر گر پڑا جس کی وجہ سے وہ تلاشی مہم میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے بموجب ایک ٹیوب کے ذریعہ فوجی ملبہ میں پھنسے ہوئے بچوں کو آکسیجن سربراہ کررہے ہیں۔ صدر میکسیکو ہنرک پینا نیٹو مقام حادثہ پر پہنچے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ ملبہ میں دبے ہوئے کئی افراد بشمول بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔ تباہی ملک کے وسطی علاقہ کی کئی ریاستوں میں آئی ہے۔ قومی آفات سماوی ردعمل محکمہ کے لوئی فلپ پینٹ نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد آج علی الصبح 248 قرار دی گئی۔ میکسیکو سٹی کے علاوہ پیبلا، مورلوس، میکسیکو اسٹیٹ اور گیرے رو میں ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ وزیرداخلہ مائیکل اسوریو چانگ نے کہا کہ رات ہونے کے بعد بچاؤ ارکان عملہ اور میکسیکو سٹی کے رضاکار اب بھی ملبہ میں پھنسے ہوئے کئی افراد کو برآمد کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے بموجب کئی خاندان واٹس ایپ پر مایوسانہ انداز میں اپنے رشتہ داروں کو مدد کے پیغام روانہ کررہے ہیں۔ 12 دن قبل ایک شدید زلزلہ آیا تھا جس میں 100 افراد ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے لیکن یہ زلزلہ جنوبی ریاستوں اوکساکا اور چیاپاس تک محدود تھا۔ آج کا زلزلہ دوپہر سے کچھ وقت پہلے محسوس کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT