Wednesday , September 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / میکسیکو کے گول کیپر اوچاوا برازیل کی راہ میں حائل، میچ 0-0 پر ختم

میکسیکو کے گول کیپر اوچاوا برازیل کی راہ میں حائل، میچ 0-0 پر ختم

فورٹالیزا (برازیل)، 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈکپ 2014 ء گروپ اے میچ میں میکسیکو کے گول کیپر اوچاوا کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے اس ٹورنمنٹ کی فیوریٹ میزبان ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ ٹورنمنٹ کے آغاز پر برازیل کے کوچ فلپ اسکولاری نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ جیتنے کیلئے اُن کی ٹیم کو صرف سات قدم اٹھانے ہیں۔ تاہم ورلڈ کپ کے اس سفر میں

فورٹالیزا (برازیل)، 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈکپ 2014 ء گروپ اے میچ میں میکسیکو کے گول کیپر اوچاوا کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے اس ٹورنمنٹ کی فیوریٹ میزبان ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ ٹورنمنٹ کے آغاز پر برازیل کے کوچ فلپ اسکولاری نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ جیتنے کیلئے اُن کی ٹیم کو صرف سات قدم اٹھانے ہیں۔ تاہم ورلڈ کپ کے اس سفر میں برازیل اپنے دوسرے ہی قدم پر قدرے ڈگمگا گیا ہے۔ ویسے برازیل دو میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کرچکا ہے اور ماہرین کے مطابق اسے دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے میں دقت پیش نہیں آئے گی۔ برازیل نے پہلے اور دوسرے ہاف میں میکسیکو کے گول پر کئی حملے کئے لیکن گول کیپر اوچاوا نے کم از کم پانچ یقینی گول بچا کر میچ کو 0-0 سے برابری پر ختم کر دیا۔

برازیل کی ٹیم نے جو اپنے مضبوط دفاع کی وجہ خاص شہرت رکھتی ہے، اس میچ میں بھی عمدہ انداز میں دفاع کیا۔ برازیلی پلے میکر آسکر اُس طرح کے کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے جیسا کروشیا کے خلاف میچ میں کیا تھا۔ کل شام کے میچ میں کئی ایسے مواقع بھی آئے جب میکسیکو کی ٹیم کھیل کو برازیل کے ہاف میں لے آئی لیکن برازیل کی دفاعی دیوار کو ہلایا نہ جا سکا۔ برازیل کے پاس تیاگو سلوا کی شکل میں دنیا کا بہترین ڈیفنڈر ہے جن کا ساتھ ڈیوڈ لیوس دے رہے ہیں۔ میکسیکو کے گول کیپر اوچاوا برازیلی کھلاڑیوں کے سامنے ثابت قدمی سے ڈٹے رہے اور اسٹرائیکر نیمار کی یکے بعد دیگر گول کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔ سرخ وردی میں ملبوس میکسیکو کے کھلاڑیوں نے کھیل کے آغاز سے ہی برازیلی فارورڈ نیمار کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ دوسرے ہاف کے شروع میں میکسیکو کی ٹیم زیادہ منظم اور مربوط انداز میں کھیلی ۔ برازیل نے دوسرے ہاف میں ٹیم میں پہلی تبدیلی کی اور سٹرائیکر فریڈ کی جگہ جوو کو میدان پر بھیجا۔ جوو کے گراونڈ میں آتے ہی برازیل کے کھیل کی رفتار یکایک بڑھ گئی۔ برازیل نے میکسیکو کے گول کو کئی منٹوں تک اپنے حصار میں رکھنے کے بعد جب گول پر حملہ کیا تو گول کیپر نے ہاتھ کے ساتھ ساتھ سینے سے بھی گیند روک کر میچ کو بہرحال برابری پر ختم کر دیا۔

روس ۔ جنوبی کوریا مقابلہ بھی ڈرا، بلجیم نے الجیریا کو ہرایا
قبل ازیں بلجیم نے الجزائر (الجیریا) کی ٹیم کو نہایت سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے دی۔ اس میچ کے آغاز میں ڈی میں فاؤل پر الجزائر کو پنالٹی کک مل گئی تھی، جسے اس نے بہ آسانی گول میں تبدیل کر کے برتری حاصل کی، تاہم بلجیم کی ٹیم نے نہ صرف یہ برتری ختم کی بلکہ میچ کے اختتام سے تقریباً دس منٹ قبل نہایت خوبصورت گول کر کے نتیجے کو اپنی جیت میں بدل دیا۔ منگل کے روز آخری میچ روس اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ کی خاص بات یہ رہی کہ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے، لیکن یہ میچ بھی برابری کے نتیجے پر ختم ہوا۔ جنوبی کوریا نے ایک گول کرکے برتری حاصل کر لی تھی اور ایک موقع پر لگ رہا تھا، جیسے ایشیائی ٹیم یہ میچ جیت جائے گی، تاہم روس یہ برتری ختم کرنے میں کامیاب رہا اور مقابلہ 1-1 سے برابر ہو گیا۔

TOPPOPULARRECENT