Saturday , July 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / میکس ویل اور بابر ٹی 20 میں پہلے مقام پر فائز

میکس ویل اور بابر ٹی 20 میں پہلے مقام پر فائز

دبئی۔5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابراعظم نے شاندار کارکردگی کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں دوسری مرتبہ سرفہرست مقام حاصل کرلیا جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان نے بولنگ میں دوسرے مقام پر ہیں۔پاکستان نے رواں ہفتے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 3۔0 سے کامیابی حاصل کرلی تھی جہاں بابراعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔بابراعظم نے تین میچوں میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 165 رنز بنائے تھے جس میں 97 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی جب وہ صرف تین رنز کے فرق سے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی واحد سنچری مکمل نہیں کرپائے تھے۔خیال رہے کہ بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں دوسری مرتبہ پہلا مقام اپنے نام کرلیا اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے ان سے یہ مقام چھین لیا تھا۔پاکستان کی جانب سے بابراعظم سے قبل یہ اعزاز حاصل کرنے والے سابق کپتان مصباح الحق ہیں جنھیں درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔بولنگ شعبے میں لیگ اسپنر شاداب خان نے بھی اس سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم انھیں خراب رویے کے باعث جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔شاداب خان نے سیریز میں مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کی تھی۔ محمد عامر اور حسن علی نے بھی درجہ بندی میں اپنا مقام بہتر کرلیا ہے۔محمد عامر نے 15 درجے ترقی پاکر 12 ویں مقام اور حسن علی نے 10 درجے بہتری کے ساتھ 30 واں نمبر حاصل کرلیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی کی آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے میکسویل بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ سرفہرست دس کھلاڑیوں میں پاکستان کے شعیب ملک شامل ہیں جن کا نمبر 9 واں ہے۔ واضح رہیکہ ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم درجہ بندی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز میں شکست دے کر اپنا پہلا مقام مزید مستحکم کرلیا ہے۔پاکستان نے آسٹریلیا پر 4 نشانات کی برتری حاصل کرلی ہے جو دوسرے اور ہندوستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

TOPPOPULARRECENT