Thursday , July 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / میکس ویل کی بدولت آسٹریلیا فاتح انگلینڈ کو 5 وکٹوں کی شکست

میکس ویل کی بدولت آسٹریلیا فاتح انگلینڈ کو 5 وکٹوں کی شکست

ہوبارٹ۔ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) میکس ویل کے انتہائی شاندار آل راؤنڈ مظاہرہ کی بدولت آسٹریلیا نے سہ رخی ٹوئنٹی 20 سیریز کے دوسرے مقابلے میں متواتر دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔ میکس ویل نے نہ صرف چھکا مارتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا بلکہ اپنی ناقابل تسخیر سنچری بھی مکمل کی حالانکہ 156 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیائی کپتان ڈیوڈ وارنر اور ٹوئنٹی 20 کے خطرناک تصور کئے جانے والے بیٹسمین کرس لیان 3 گیندوں کے وقفے میں پویلین لوٹ گئے تھے اور ٹیم 4 رنز کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ اس موقع پر میکس ویل نے اپنی جارحانہ اننگز کو برقرار رکھتے ہوئے 58 گیندوں میں 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 103 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیائی اسکور بورڈ میں دلچسپ ہندسے رہے جیسا کہ میکس ویل کی ناقابل تسخیر سنچری کے علاوہ دوسرا اعظم ترین اسکور میتھیو شارٹ نے 20 گیندوں میں 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 30 رنز کی شکل میں بنایا جبکہ وارنر (4)، لیان (0)، اسٹونس (6) اور ٹم ہیڈ (6) دوسرے ہندسے کو عبور نہ کرسکے۔ انگلینڈ کیلئے ڈیوڈ وِیلے نے 3 اوورس میں 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کی تھی۔ قبل ازیں انگلینڈ نے شاندار شروعات کے باوجود 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بنائے حالانکہ ڈیوڈ ملان نے 36 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ٹیم کو الیکس ہیلس کے ساتھ ایک بہتر آغاز فراہم کیا تھا۔ ہیلس نے 15 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کئے جبکہ کپتان ایان مرگن نے 14 گیندوں میں 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز اسکور کئے۔ ٹوئنٹی 20 کے ماہر تصور کئے جانے والے آل راؤنڈر کرس جارڈن نے 11 گیندوں میں 16 رنز اسکور کئے لیکن شاندار شروعات کے باوجود آسٹریلیائی اسپنرس کی ٹیم بہترین بولنگ کی وجہ سے انگلش ٹیم بہترین اسکور حاصل کرنے میں ناکام رہی کیونکہ درمیانی اوورس میں میکس ویل اور آسٹن اگر نے 5 اوورس میں 25 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو انگلینڈ کیلئے تباہ کن مرحلہ ثابت ہوا۔ ’’مین آف دی میچ‘‘ میکس ویل نے 2 اوورس میں 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اگر نے 3 اوورس میں 15 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یاد رہے کہ سہ رخی سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے اور اب وہ جدول میں دو مقابلوں میں دو فتوحات کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہے۔

TOPPOPULARRECENT