Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / میں نے صرف اپنا فطری کھیل کھیلا : ریشبھ پنت

میں نے صرف اپنا فطری کھیل کھیلا : ریشبھ پنت

راجکوٹ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ڈیر ڈیولس کے بیٹسمین ریشبھ پنت جنہوں نے آئی پی ایل میں بحیثیت اوپنر اپنا پہلا مقابلہ کھیلنے کے علاوہ میزبان گجرات لائنس کے خلاف آئی پی ایل کی پہلی نصف سنچری اسکور کی، اس پر کہا کہ انہوں نے اپنا فطری کھیل کھیلا ہے۔ گزشتہ رات یہاں میزبان گجرات لائنس کو 8 وکٹس سے شکست دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے پنت نے کہا کہ یقینا ٹیم کی کامیابی میں اپنے رول پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔ عملہ کے تمام ارکان اور کپتان نے مجھ پر اعتماد اور یقین کیا اور میں نے ایک بہتر اننگز کے ذریعہ ان کے اعتماد اور یقین کو پورا بھی کیا۔ پنت کو اننگز کے آغاز کے لئے روانہ کئے جانے کے فیصلہ کو انہوں نے صحیح ثابت کرتے ہوئے 40 گیندوں میں 69 رنز اسکور کئے جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پنت بحیثیت اوپنر بیٹنگ کرنے کے باوجود انتہائی جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف 25 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 150 رنز کے مطلوبہ نشانہ کے تعاقب میں پنت اور ان کے ساتھی اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے پہلی وکٹ کیلئے 13.3 اوورس میں 115 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جبکہ ان کے ساتھی اوپنر نے 46 رنز کا تعاون دیا۔ پنت نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار تھی اور میں نے اپنا فطری گیم کھیلا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیاک بھائی (ظہیر خان) نے کہا تھا کہ اگر تمہیں موقع ملے تو اسے دونوں ہاتھوں سے سمیٹ لو اور میں نے وہی کیا۔ انہوں نے مجھے یہ بھی ہدایت دی تھی کہ مقابلے کے متعلق بہت زیادہ مت سوچو ، کیسے کھیلنا ہے یہ بھی مت دیکھو اور اپنے اوپر دباؤ بالکل مت لو بلکہ اپنا فطری گیم کھیلو ۔ ریشبھ پنت نے ظہیر خاں کی کپتانی کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زیاک بھائی نے ہر مقابلے کیلئے مختلف طرز کی فیلڈنگ سجائی کیونکہ ہم نے ہر مقابلے کیلئے مختلف منصوبہ بنایا تھا۔

TOPPOPULARRECENT