Monday , July 16 2018
Home / Top Stories / ’’میں نے کبھی بھی عشرت جہاں کو تین طلاق نہیں دیا ‘‘

’’میں نے کبھی بھی عشرت جہاں کو تین طلاق نہیں دیا ‘‘

میں آج بھی اسے اپنے ساتھ رکھنے تیارہوں بشرطیکہ وہ خود کو تبدیل کرے: مرتضیٰ انصاری

کولکتہ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تین طلاق کے مسئلہ پر سپریم کورٹ تک جانے والی خاتون عشرت جہاں کے شوہر مرتضی انصاری نے اس بات سے یکسر انکار کردیا کہ انہوں نے کبھی اپنی بیوی کو فون پر تین طلاق دیا ہے۔ حالانکہ عشرت جہاں نے عدالت میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ ان کے شوہر نے دوبئی سے فون پر تین طلاق دیتے ہوئے انہیں اپنی زوجیت سے خارج کردیا ہے۔ انگریزی اخبار ’’دی ہندو‘‘ سے بات کرتے ہوئے مرتضی انصاری نے کہا کہ وہ آج بھی عشرت جہاں کو اپنے گھر میں ساتھ رکھنے کیلئے تیار ہے بشرطیکہ وہ اپنے کردار میں تبدیلی پیدا کرے۔ یہ پوچھے جانے پر کردار سے ان کا کیا مطلب ہے؟ انہوں نے کہا کہ کیا ان کی بیوی عشرت جہاں کا کردار ’’مشکوک‘‘ ہے۔ دوسری طرف عشرت جہاں جس نے دعویٰ کیا ہے کہ 2015ء میں ان کے شوہر مرتضی انصاری نے دوبئی سے فون پر تین طلاق دیا ہے تاہم اب ان کے اس قسم کے دعوے بالکل بے بنیاد ہیں۔ مرتضی انصاری جن کا تعلق ریاست بہار ضلع نوادا کے پکری براما سے ہے، ’’دی ہندو‘‘ سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی بھی تین طلاق کا لفظ استعمال کیا ہی نہیں ہے اور وہ آج بھی اسے اپنے ساتھ رکھنے کیلئے تیار ہے، شرط یہ ہے کہ وہ کولکتہ کے بجائے میری والدہ کے ساتھ بہار میں رہے اور اپنے کردار میں تبدیلی لائے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ وہ ہوڑہ میں عشرت جہاں کے ساتھ رہنے کیلئے تیار کیوں نہیں ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ اس کا چال و چلن مناسب نہیں ہے اور وہ وہاں پر ایک شریفانہ زندگی نہیں گذار سکتی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے مرتضی انصاری کی 14 سالہ دُختر نے ’’ملت ٹائمس‘‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کی ماں (عشرت جہاں) کے کسی افضل نامی شخص سے ناجائز تعلقات تھے جسے ان کی ماں انہیں ماما بتاتی تھیں۔ دوسری طرف عشرت جہاں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سے وہ تین طلاق کے مسئلہ پر عدالت کو گئیں اور جب انہوں نے سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے تب سے انہیں بدنام کرنے کیلئے اس قسم کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں عشرت جہاں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

TOPPOPULARRECENT