Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / میں گیندبازی کے ذریعہ بات کروں گا ، آصف کا عزم

میں گیندبازی کے ذریعہ بات کروں گا ، آصف کا عزم

اوسلو، 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چھ برس قبل لارڈز کے میدان میں ٹسٹ میچ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں پابندی کی سزا کاٹنے کے بعد جہاں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر جمعرات کو ایک مرتبہ پھر اسی میدان میں ایکشن میں دکھائی دینے والے ہیں، وہیں اُن کے ساتھ دوسرے سزا یافتہ بولر محمد آصف ناروے میں کلب کرکٹ کھیل رہے ہیں اور پاکستانی ٹیم میں واپسی کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔ ’بی بی سی‘ کے پروگرام ’اسٹمپڈ‘ میں حصہ لیتے ہوئے آصف نے کہا کہ انگلش موسمی حالات عامر کیلئے بہت سازگار ثابت ہو سکتے ہیں اور وہ ویسی ہی کارکردگی دکھا سکتے ہے جو ماضی میں اُن کا خاصا رہی ہے۔ آصف نے کہا کہ وہ خود انگلش کنڈیشنز میں بولنگ کرنا پسند کرتے ہیں۔ آصف ان دونوں اوسلو کے نواح میں ایک کلب کیلئے کھیل کر فٹنس برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ستمبر میں پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں حصہ لے سکیں۔ پابندی سے قبل آصف نے 23 ٹسٹ میچوں میں 106 وکٹیں لی تھیں اور وہ عالمی درجہ بندی میں دوسرے بہترین بولر تھے۔ آصف کو امید ہے کہ وہ نومبر میں پاکستان کے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دوروں کیلئے نیشنل ٹیم میں شمولیت کیلئے کوشش کر سکیں گے۔ ناروے میں کرکٹ کھیلنے کے بارے میں آصف نے کہا کہ آج کل پاکستان میں بہت گرمی ہے لیکن یہاں کرکٹ کیلئے موسم اچھا ہے۔ ہرے بھرے میدان ہیں اور موسم عمدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیا سیزن میرے لئے بہت اہم ہے۔ میں واپس آ کر اچھی اور عالمی معیار کی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ اس کیلئے مجھے محنت اور سخت تربیت کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں کچھ رکاوٹیں ہیں۔ مجھے فٹ رہنا ہے، اچھی کارکردگی دکھانا ہے اور پھر میرا مقصد ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے پر جانا ہو گا۔ ماضی کے بارے میں بات کرتے ہوئے آصف نے کہا کہ ہر انسان غلطی کرتا ہے اور اسے دوسرا موقع ملنا چاہئے۔ ’’ہم نے غلطی کی اور غلطی کے بعد ہر کسی کو میدان میں اترنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ میں بہت خوش ہوں کہ کرکٹ کے میدان میں واپس آیا ہوں۔ میں بیان بازی نہیں کر سکتا مگر میری گیند بولے گی۔‘‘ آصف نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے آئی سی سی کو بتا دیا ہے کہ جب بھی نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور بدعنوانی کے خلاف آگاہی کیلئے انھیں میری ضرورت پڑے تو وہ دستیاب ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT