Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / م15مئی کو چلو دھرنا چوک اندرا پارک کا اعلان

م15مئی کو چلو دھرنا چوک اندرا پارک کا اعلان

دھرنا چوک کی منتقلی کے خلاف اقلیتی قائدین کے بھوک ہڑتالی کیمپ سے پروفیسر کودنڈا رام و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔4مئی(سیاست نیوز) مصائب زدہ لوگوں کی آواز کو حکومت کے ایوانوں تک پہنچانے کے لئے دھرنا چوک تلنگانہ کا سب سے بڑا مرکز رہا ہے ۔ صدی کی سب سے عظیم علیحدہ تلنگانہ تحریک کے نشیب فراز بھی اس بات کی گواہی دیں گے کہ دھرنا چوک علیحدہ تلنگانہ حامیوں کے لئے کس قدر مددگار رہا ہے۔ باوجود اسکے جمہوریت میں آج دبے کچلے اور مصائب زدہ لوگوں کی آواز کو دھرنا چوک کی منتقلی کے ذریعہ دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ہم ایسی کسی بھی سازش کو ہرگز کامیاب ہونے نہیںدیں گے۔ اگر حکومت تلنگانہ دھرنا چوک کی منتقلی کے فیصلے سے دستبرداری اختیار نہیں کرتی ہے تو ہم 15مئی کو چلو دھرنا چوک اندرا پارک منعقد کریں گے۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمن پروفیسر کودنڈارا م نے سی پی آئی ہیڈ کوارٹرمخدوم بھون میںپچھلے 20دنوں سے سیو دھرنا چوک کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ زنجیری بھوک ہڑتال سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہارکیا ۔واضح رہے کہ اندرا پارک دھرنا چوک کی بازیابی کے لئے بائیںبازوجماعتوں کے بشمول دیگر سماجی تنظیموں کے اشتراک سے سیو دھرنا چوک کمیٹی کا قیام عمل میںلایاگیا ہے جو پچھلے بیس دن سے دھرنا چوک کی بازیابی کا مسلسل مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںزنجیری بھوک ہڑتال پر ہے۔ آج سی پی آئی کی ذیلی تنظیم انصاف تلنگانہ یونٹ کے علاو ہ سی پی آئی ایم کی تنظیم آواز اور دیگر مسلم تنظیموں کے قائدین اور کارکنوں نے اس زنجیری بھوک ہڑتال میںحصہ لیا۔پروفیسر کودنڈارام نے مہمانِ خصوصی کے طور پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ جمہوری اقدار کو
بالائے طاق رکھ کر جمہوری حقوق کو سلب کرنے کی کوشش کررہی ہے ‘ جس کو ہرگز برداشت نہیںکیاجائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ سیو دھرنا چوک کمیٹی کی جانب سے مسلسل احتجاج کے باوجود حکومت تلنگانہ اس حساس مسئلہ پر بات چیت کے آمادہ نہیںہورہی ہے ۔ کودنڈارام نے مزیدکہاکہ پچھلے بیس دنوں میںسماج کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اس زنجیری بھوک ہڑتال میںشامل ہوکر حکومت کے بدبختانہ فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ حکومت بے تکی وجوہات کو بنیاد بناکر دھرنا چوک کی منتقلی کی بات کررہی ہے۔ جہا ںتک چہل قدمی کرنے کی غرض سے اندرا پارک آنے والوں کا سوال ہے تو وہ لوگ صبح پانچ تانوبجے تک چہل قدمی کرتے ہیںجبکہ شام میںپانچ بجے سے رات آٹھ بجے تک چہل قدمی کے لئے لوگ یہاں پر آتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کا منشاء جمہوری آواز وں کو دبانے کا ہے لہذا اس قسم کے بے تکی باتوں کاسہارا لیکر دھرنا چوک کو منتقل کرنے کی بات کی جارہی ہے ۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ حکومت کے فیصلے سے دستبرداری تک ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔تنظیم انصاف تلنگانہ یونٹ جنرل سکریٹری منیر پٹیل کی قیادت میں بیسویں روز کی بھوک ہڑتال میںمومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کے صدر خواجہ معین الدین‘ مولانا نصیر الدین‘ جناب ثناء اللہ خان ‘ ریاستی وشہری تنظیم آواز کے قائدین عبدالستار‘ محمد عباس‘ محمدکلیم الدین‘ تنظیم انصاف ضلع محبو ب نگر صدر احمد خان ‘ جناب شیخ شمس الدین‘ محمد حشمت‘ سماجی کارکن محمد افضل‘ جناب مجاہد ہاشمی‘ جناب حافظ متین ‘ منہاج قریشی‘ ایم اے سلیم ‘ خواجہ پاشاہ نے حصہ لیا۔سی پی آئی کے پرجا ناٹا کلا منڈلی کے نرسنگ نے اس موقع پر مخدوم محی الدین کے انقلابی گیت بھی پیش کئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT