Monday , December 18 2017
Home / دنیا / نئی امریکی پابندیاں ایران اور حزب اللہ کی منتظر

نئی امریکی پابندیاں ایران اور حزب اللہ کی منتظر

واشنگٹن ۔ 21 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکن رہنماؤں نے انکشاف کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں ایوان میں ایرانی بیلسٹک میزائل پروگرام اور تہران نواز لبنانی ملیشیا حزب اللہ پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے لیے رائے شماری ہو گی۔ایوان میں پارلیمانی لیڈر کیون میکارتھی اور خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ اِڈ روئس نے کل ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کانگریس کی ذمّہ داری ہے کہ ایران کے غیر محتاط اور لا پروا برتاؤ کو روکنے کے لئے ایک واضح حکمت عملی تیار کرنے کیلئے ایگزیکٹو اتھارٹی کے ساتھ کام کرے۔ اس مقصد کے لئے فوری اقدام کے طور پر آئندہ ہفتے ہم ایوان میں ایک قانونی بل پر رائے شماری کریں گے جس سے حزب اللہ اور ایرانی میزائل پروگرام پر پابندیوں میں اضافہ ہو گا۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 13 اکتوبر کو ایران کی جانب سے بین الاقوامی نیوکلیئر معاہدے کی پاسداری کی توثیق کرنے سے انکار کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ آخرکار وہ معاہدہ منسوخ کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد 16 اکتوبر کو ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ منسوخ کرنے کا ’’واقعی امکان‘‘ ہے۔ ادھر امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن کے دفتر کے اعلان کے مطابق مذکورہ وزیر آئندہ ہفتے 25 سے 30 اکتوبر تک مشرق وسطیٰ (سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر اور اسرائیل) کا رخ کریں گے جہاں وہ ایران اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے معاملات پر بات چیت کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT