Monday , January 22 2018
Home / ہندوستان / نئی ترجیحات کے ساتھ مرکزی وزرا نے ذمہ داریاں سنبھالیں

نئی ترجیحات کے ساتھ مرکزی وزرا نے ذمہ داریاں سنبھالیں

دفاعی معاملتوں میں شفافیت ‘ ریل سیفٹی اور شرح ترقی کو تیز رفتار بنانے کا عہد

دفاعی معاملتوں میں شفافیت ‘ ریل سیفٹی اور شرح ترقی کو تیز رفتار بنانے کا عہد
نئی دہلی 10 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی معاملتوں میں شفافیت اور تیزی لانے ‘ ریلوے میں مسافرین کے تحفظ اور خدمات میں بہتری لانے کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے منظر نامہ کو بدلنے جیسی ترجیحات کے ساتھ دفاع ‘ ریلویز اور اطلاعات و نشریات کی وزارتوں میں نئے وزرا نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ آج منوہر پریکر ‘ سریش پربھو اور ارون جیٹلی نے دفاع ‘ ریلویز اور اطلاعات و نشریات کی وزارتوں کی ذمہ داریاں سنبھالیں جبکہ نئے وزیر صحت کی حیثیت سے مسٹر جے پی ندا نے بھی جائزہ حاصل کرلیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ہی اپنی کابینہ میں پہلی توسیع اور رد و بدل کیا تھا ۔ ان کے علاوہ تقریبا 12 دوسرے وزرا بشمول ڈی وی سدانند گوڑا ‘ وائی ایس چودھری ‘ جئینت سنہا ‘ بابل سپریو ‘ ہرش وردھن ‘ وجئے سامپلا ‘ وی کے سنگھ اور بنڈارو دتاتریہ نے بھی اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ مسٹر منوہر پریکر نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنی ترجیح کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دفاعی معاملتوں میں شفافیت لائیں گے اور اس عمل کو تیز رفتار بھی بنایا جائیگا ۔ ان کے پیشرو ارون جیٹلی نے جنہیں فینانس کے ساتھ اطلاعات و نشریات کا قلمدان حاصل ہوا ہے کہا کہ میڈیا میں بہت زیادہ فروغ ہوا ہے اور وزارت چاہتی ہے کہ اطلاعات کے منظر نامہ کو تبدیل کیا جائے ۔ منوہر پریکر نے وزیر اعظم مودی کے میک ان انڈیا نعرہ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ دفاعی ضروریات کی تکمیل کیلئے زیادہ سے زیادہ تیاری اندرون ملک ہی ہونی چاہئے ۔ سریش پربھو نے وزارت ریلوے کا قلمدان حاصل کرنے کے بعد کہا کہ ریل سیفٹی اور صارفین کی خدمات کو وہ ترجیح دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ریلوے میں صلاحیتوں کا پوری طرح سے استعمال نہیں ہوا ہے ۔ جے پی ندا نے وزارت صحت کی ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ یہ قلمدان پہلے ہرش وردھن کے پاس تھا جو اب سائینس و ٹکنالوجی کے وزیر ہیں۔ ندا نے فی الحال کسی تبصرہ سے انکار کردیا ۔ جئینت سنہا نے جو منسٹر آف اسٹیٹ فینانس ہیں کہا کہ حکومت کی ترجیح روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور افراط زر کی شرح کو قابو میں کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ترقی کا عمل اب تیز رفتار ہوگا اور آئندہ سال شرح ترقی بڑھتے ہوئے 6 تا 6.5 فیصد تک پہونچ جائیگی ۔ کچھ وزرا بشمول راجیو پرتاپ روڈی ‘ مختار عباس نقوی اور مہیش شرما امکان ہے کہ کل اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT