Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / نئی دہلی میں آج آل انڈیا حج کانفرنس

نئی دہلی میں آج آل انڈیا حج کانفرنس

مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی ، چیرمین سنٹرل حج کمیٹی چودھری محبوب علی قیصر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 10۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2017 ء کے ملک بھر میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 11 مئی کو نئی دہلی میں آل انڈیا حج کانفرنس منعقد ہورہی ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی مہمان خصوصی ہوں گے۔ کانفرنس کی صدارت چودھری محبوب علی قیصر رکن پارلیمنٹ و صدرنشین سنٹرل حج کمیٹی کریں گے۔ کنونشن سنٹرل لودھی روڈ پر منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں حج 2017 ء کے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی ۔ ملک کے مختلف امبارگیشن پوائنٹس سے عازمین حج کی روانگی اور پھر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ کونسل جنرل جدہ نور محمد بطور خاص اس کانفرنس میں شرکت کریں گے  تاکہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کیلئے کئے جارہے انتظامات کی تفصیلات بیان کرسکیں۔ مختلف ایرلائینس کمپنیوں اور مرکزی محکمہ جات کے عہدیدار بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ جاریہ سال مختلف ریاستوں کیلئے ایرلائینس کا الاٹمنٹ مکمل ہوچکا ہے اور مرکزی حکومت گزشتہ سال کی طرح بہتر انتظامات کی تیاری کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ سال سے بحری راستے کے ذریعہ عازمین حج کی روانگی کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ مختار عباس نقوی نے تجویز پیش کی تھی کہ کم خرچ پر عازمین حج کو اس سعادت سے مالا مال کرنے کیلئے بحری سفر کا احیاء عمل میں لایا جائے۔ مختلف ریاستوں کے اسپیشل آفیسرس سے اس بارے میں تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کانفرنس میں شرکت کریں گے، وہ تلنگانہ کے عازمین کے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں منتخب عازمین کے ساتھ روانہ ہونے والے افراد کی عمر کا تعین کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی کیونکہ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ 70 سال کے عازم کے ساتھ 65 سال کے افراد بطور خدمت گزار روانہ ہورہے ہیں اور وہ پہلے ہی بیمار پڑ رہے ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی سے اس سلسلہ میں کم از کم 50 سال کی حد مقرر کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ دیگر ریاستوں سے بچ جانے والے حج کوٹہ کو تلنگانہ کو الاٹ کرنے کی اپیل کی جائے گی ۔ نئی ریاست تلنگانہ کے اعتبار سے مرکزی حکومت کو زائد کوٹہ الاٹ کرنا چاہئے ۔ تلنگانہ میں 20,000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ جاریہ سال آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے۔ مرکزی حکومت نے حج 2018 ء سے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ الاٹ کرنے کا تیقن دیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT