Tuesday , December 18 2018

نئی ریاست میں کے سی آر کی آج پہلی سالگرہ

حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر و صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ کے موقع پر ٹی آر ایس کی جانب سے کل 17 فروری کو شہر اور اضلاع میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ تلنگانہ ریاست میں منائی جائے گی، لہذا پارٹی نے بڑے پیمانہ پر پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقوں میں متعلقہ انچارجس اور شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ تلنگانہ بھون میں بھی خصوصی تقریب منعقد ہوگی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی میں سالگرہ کے موقع پر غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم ، مریضوں میں میوے تقسیم کرنے اور خون کے عطیہ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی فلاحی پروگرام ہر ضلع میں منعقد کئے جائیں گے۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے وزراء ، ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ ان پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ پارٹی عہدوں کے خواہشمند قائدین کی جانب سے بڑے پروگراموں کی تیاری کی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں پارٹی کے ا قلیتی قائدین نے بھی مختلف پروگرام منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی پرانے شہر میں واقع نابینا طلبہ کے اسکول میں کیک کاٹیں گے ۔ وہ درگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری دیں گے ۔ اقلیتی قائدین کی جانب سے کے سی آر کی درازی عمر اور صحت کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT