Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / نئی میٹرو ریل پالیسی کو کابینہ کی منظوری

نئی میٹرو ریل پالیسی کو کابینہ کی منظوری

 

نئی دہلی، 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ملک میں میٹرو کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے پیش نظر نئی میٹرو ریل پالیسی تیار کی ہے جسے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔ بعد ازاں وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور شہری ترقی کے وزیر نریندر تومر نے میڈیا کو بتایا کہ نئی پالیسی ریاستی حکومتوں کے ساتھ صلاح ومشورے کی بنیاد پر طے کی گئی ہے اور اس میں نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری پر زور دیا جائیگا۔ میٹرو ریل پروجکٹوں کی تکمیل پر مسافروں کو اسٹیشن سے ان کے گھروں تک آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائیگی۔

 

کشمیر میں ریل خدمات بحال
سری نگر ، 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان ریل خدمات چار دن جبکہ بڈگام اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان دو دن تک معطل رہنے کے بعد بدھ کی صبح بحال کردی گئیں۔ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘وادی میں چلنے والی تمام ٹرینوں کی معمول کی خدمات بدھ کی صبح بحال کردی گئیں’۔ انہوں نے بتایا ‘بڈگام اور بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر ریل خدمات چار روز جبکہ بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان دو دنوں کی معطلی کے بعد بحال کی گئیں’۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ وادی میں ریل خدمات کی معطلی اور بحالی کے فیصلے سول و پولیس انتظامیہ کی ایڈوائزیز پر لئے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد ریلوے املاک کو نقصان سے بچانا ہوتا ہے ۔

 

TOPPOPULARRECENT