Saturday , September 22 2018
Home / اضلاع کی خبریں / نئی نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا دور جدید کا اہم ترین تقاضہ

نئی نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا دور جدید کا اہم ترین تقاضہ

گلبرگہ میںبورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے آرگنائزرس کا اجلاس۔ ذمہ داران کا خطاب
گلبرگہ 28نومبر :(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ہمارے معاشرے کے ہر ایک بچے کو مومن، اچھا شہری اور جنت میں جانے والا بنانا ہماری کوششوں کا مقصد ہے۔ اس یقین کے ساتھ کہ اللہ تعالیٰ ہماری تمام سرگرمیوں کو دیکھ رہا ہے اور ہماری کوششوں کو قدر کرے گا اور ایک دن ان کا بہترین بدلہ جنت جیسی عظیم نعمت کی شکل میں دیگا۔ ان خیالات کااظہار مولانا محمد فہیم الدین رکن عاملہ بورڈ آف اسلامی ایجوکیشن نے اپنے اختتامی خطاب میں کیا۔ وہ ہدایت سنٹر گلبرگہ میں شمالی کرناٹک کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے آرگنائزرس کے ایک روزہ تربیتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔’’نئی نسل کی دینی واخلاقی تربیت روشن مستقبل کی ضامن‘‘ عنوان پر خطاب کرتے ہوئے موجود ہ اخلاقی بحران پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج جدید تہذیب نے انسان کے کپڑے اتار دیئے ہیں اور اسکو ننگا کردیا ہے۔ ہمارے بچوں بلکہ بڑوں میںبھی یہی طور طریقے رائج ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو دنیا کی بہترین نعمتوں سے نوازا اور اس کومزید نعمتیں دینے کاوعدہ کیا۔ لیکن انسان نے اپنے اوپر دیکھنے کے بجائے نیچے ددیکھنے لگا تو اسفل سٰفلین میں شامل ہوا۔ مولوی فہیم الدین نے کہاکہ ان حالات میں ہمیںنئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کرنا ہے۔ حضرت عثمان غنی ؓ کا نمونہ ہمارے سامنے ہونا چاہئے کہ وہ حیا کے پیکر تھے۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ سارے انسانوں کی رہنمائی کے لئے خالق کائنات نے مسلمانوں کو پیدا کیا ہے۔ اگر وہ صحیح رہنمائی نہیںکرتے ہیں تو ظالم حکمران ان پر مسلط کئے جائینگے۔ اس وقت تمہارے نیک لوگ دعائیں کرینگے وہ دعائیں قبول نہ ہونگی۔اجتماع کا آغازجناب محمد یوسف خان کے درس قرآن سے ہوا۔ انہو ں نے کہا کہ کائنات کی تخلیق کا خلاصہ انسان کی تخلیق ہے۔حضرت انسان کی تربیت و رہنمائی کیلئے قرآن مجید کو نازل کیا گیا جس میں کہا گیا کہ جو بندہ رب کے نام سے پڑھے گا نہ صرف اس کے اندر اس رب کا خوف ہوگا بلکہ اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزارے گا۔جناب شمیم الدین حیدر رکن عاملہ نے بورڈ کا تعارف کراتے ہوئے اس کے طریقہ کار اور مسائل کے ضمن میں اظہار خیال کیا۔ جناب عبد المنان نے’’ تعلیم قرآن کی روشنی میں ‘‘ کے عنوان پر خطاب کیا۔بورڈ کے امتحانات کے انتظامات کی تفصیل بورڈ کے ریاستی سیکریٹری جناب ریاض احمدنے پیش کی۔ جناب خالد پرواز، رکن عاملہ بورڈ نے اپنے افتتاحی کلمات میں بورڈ آف اسلامی ایجوکیشن کے مقاصدپیش کئے اور فاصلاتی کورسس کو چلانے میں آرگنائزرس کی اہمیت اور ان کے رول کو اجاگر کیا۔ موجودہ دور میں ان امتحانات کی اٖفادیت کو محسوس کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بچوں کو ان امتحانات میںشریک کروانے کی کوشش کرنے کی ترغیب دلائی۔ شہ نشین پر جناب ذاکر حسین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند گلبرگہ، جناب محمد ضیاء اللہ، ناظم ضلع گلبرگہ اورجناب متین الدین چیف آرگنائزر بورڈ گلبرگہ موجود تھے۔جناب اعجاز احمد شرہٹی ، دھارواڑ نے پورے دن کی کاروائی بحسن و خوبی چلائی۔

TOPPOPULARRECENT