نئی ٹیم نے پہلے ہی میچ میں دفاعی چمپئین کو شکست دی

دبئی۔23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان سوپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے افتتاحی مقابلے میں ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو سات وکٹوں کی شکست سے دے کر سب کو حیران کردیا ۔مرد میدان کمار سنگاکارا اور شعیب ملک نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز نے کامران اکمل کو صفر اور تمیم اقبال کو 11 رنز پر آوٹ کر کے پشاور زلمی کو اچھے آغاز سے محروم کیا جس کے بعد ڈوین اسمتھ نے 24 رنز بنا کر محمد حفیظ کے ساتھ اسکور 57 رنز تک پہنچایا ۔ کپتان ڈیرن سیمی نے وکٹ پر آنے کے بعد اپنے جارحانہ تیور دکھائے لیکن دوسری جانب سے چھ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 59 رنز بنا کر محمد حفیظ بھی جنید خان کا شکار بن گئے۔ ڈیرن سیمی نے 29 رنز میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے اور پشاور زلمی نے چھ وکٹوں پر 151 رنز اسکور کئے۔ملتان سلطانز کی جانب سے طویل قامت بولر محمد عرفان نے ہی دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں ملتان سلطانز کو بھی اس وقت جھٹکا لگا جب احمد شہزاد صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے لیکن کمار سنگاکارا نے 21 رنز بنانے والے صہیب مقصود کے ساتھ مل کر مجموعی اسکور 54 تک پہنچا دیا۔ ملتان سلطانز کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے میں کمار سنگاکارا اور کپتان شعیب ملک کے درمیان 52 رنز کی شراکت اہم ثابت ہوئی۔کمار سنگاکارا تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر وہاب ریاض کا دوسرا شکار بنے لیکن شعیب ملک نے کیرن پولارڈ کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو سات وکٹوں سے فتح دلادی۔ شعیب ملک نے ناقابل شکست 43 رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ پولارڈ نے بھی 21 رنز میں چار چوکے لگائے۔

TOPPOPULARRECENT