Wednesday , December 12 2018

نئی پارکنگ پالیسی کی خلاف ورزی ، سرکاری دواخانوں میں رقم کی وصولی

محکمہ بلدی نظم و نسق کے احکامات نظر انداز ، پارکنگ مافیا کی من مانی
حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے مدون کردہ نئی پارکنگ پالیسی کا اطلاق سرکاری دواخانوں پر نہیں کیا جا رہاہے اور بیشتر مقامات پر اس پارکنگ پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارکنگ فیس وصول کی جانے لگی ہے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے معلنہ پارکنگ پالیسی کے سلسلہ میں احکام کی اجرائی اور یکم اپریل سے اس پر عمل آوری کے اقدامات کے اعلان کے باوجود بھی نئی پارکنگ پالیسی کے سلسلہ میں کوئی منظم حکمت عملی تیار نہیں کی گئی اور نہ ہی تمام پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کو اس بات کا پابند بنایا گیا کہ وہ پارکنگ فیس وصول نہ کریں۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے پارکنگ فیس کی وصولی کے سلسلہ کو باقاعدہ بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا اطلاق سرکاری دواخانوں میں وصول کی جانے والی پارکنگ فیس پر بھی ہونا چاہئے ۔ عثمانیہ دواخانہ ‘ گاندھی ہاسپٹل اور چارمینار دواخانہ میں موجود پارکنگ کی جگہ پر فیس کی من مانی وصولی کی شکایت عام ہے لیکن اس سلسلہ میں کوئی وضاحت موجود نہ ہونے کے سبب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ حکومت کی جانب سے صرف ان لوگوں کو نظر میں رکھتے ہوئے پارکنگ فیس کی پالیسی تیار کی گئی ہے جو لوگ ملٹی پلکس اور شاپنگ مالس کو جایا کرتے ہیں لیکن اس پالیسی میں غریب عوام کو شامل نہیں رکھا گیا بلکہ پوری طرح سے غریب طبقہ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ عوام کی جانب سے متعدد مرتبہ اس بات کی شکایت کی جا چکی ہے کہ شہر میں کئی مقامات پر پارکنگ مافیا کی من مانی کا سلسلہ جاری ہے اور غیر مجاز طور پر پارکنگ فیس کی وصولی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے پارکنگ فیس کے امور کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کے بعد یہ سمجھا جانے لگا تھا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکی جانب سے شہر کے تمام مقامات سے یکلخت پارکنگ فیس کا سسٹم برخواست کردیا جائے گا لیکن عوام کی امیدوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب ملٹی پلکس اور شاپنگ مالس میں ہی اس نئی پارکنگ پالیسی پر عمل آوری نہیں ہو پائی ۔ شہریوں کے حقوق کے لئے سرگرم تنظیموں کے ذمہ داروں نے بتایا کہ حکومت کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کرتے ہوئے سب سے پہلے سرکاری دواخانوں اور خانگی دواخانوں کے علاوہ غیر قانونی طور پر وصول کی جانے والی پارکنگ فیس کے معاملہ سے نمٹنے کے اقدامات کرے اور پارکنگ مافیا کے خلاف سخت کاروائی کو یقینی بناتے ہوئے پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی اور ڈکیتی جیسے سخت ترین مقدمات درج کئے جائیں ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معلنہ پالیسی پر من و عن عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گاا ور اگر کسی بھی مقام پر غیر مجاز پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے تو شہری پولیس کنٹرول روم کے نمبر 100 یا پھر جی ایچ ایم سی ہیلپ لائن040-21111111 پر شکایت درج کرواسکتے ہیں تاکہ پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جا سکے۔

TOPPOPULARRECENT