Wednesday , July 18 2018
Home / شہر کی خبریں / نئی پنچایتوں کے قیام کیلئے قانون سازی پر مشاورت

نئی پنچایتوں کے قیام کیلئے قانون سازی پر مشاورت

چیف منسٹر کا اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ آج اجلاس‘ دیگر اُمور پر بھی غور متوقع
حیدرآباد۔15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 16 جنوری کو پرگتی بھون میں ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ ریونیو سے متعلق امور کے علاوہ نئی پنچایتوں کے قیام کیلئے قانون سازی پر مشاورت کی جا ئے گی ۔ حکومت نے پنچایت راج اداروں کے استحکام کیلئے نیا قانون تیار کیا ہے اور اسے اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پیش کئے جانے کا ا مکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مجوزہ قانون کی تفصیلات اور پنچایت راج اداروں کے استحکام سے ضلع کلکٹرس کو آگاہ کریں گے۔ کسانوں کو نئے پٹہ دار پاس بک کی اجر ائی اور رجسٹریشن کے نئے طریقہ کار پر بھی اجلاس میں غور و خوص کیا جائے گا۔ مشن بھگیرتا ، مشن کاکتیہ ، پراجکٹس کیلئے اراضیات کے حصول اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری بھی اجلاس کے ایجنڈہ میں شامل رہیں گے۔ حکومت نے اراضی سروے کے پہلے مرحلہ کا کام مکمل کرلیا ہے اور دوسرے مرحلہ متنازعہ اراضیات کا جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی کے مجوزہ بجٹ اجلاس سے قبل کلکٹرس کے ساتھ چیف منسٹر کی ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ حالیہ دنوں کئی ضلع کلکٹرس کے تبادلے عمل میں آئے ہیں اور نئے کلکٹرس کو اسکیمات پر عمل آوری اور دیگر امور کے سلسلہ میں چیف منسٹر رہنمایانہ خطوط جاری کریں گے۔ ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں سے بعض کلکٹرس کے اختلافات کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے اگرچہ عوامی نمائندوں کو کلکٹرس کے کام کاج میں مداخلت نہ کرنے کی ہدایت دی ہے لیکن مختلف اضلاع میں ابھی بھی عوامی نمائندوں کی شکایات مل رہی ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT