Tuesday , July 17 2018
Home / شہر کی خبریں / نئی گاڑیوں کی خریدی کے ساتھ ہی رجسٹریشن

نئی گاڑیوں کی خریدی کے ساتھ ہی رجسٹریشن

حیدرآباد ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نئی گاڑیاں خریدنے والوں کیلئے ایک راحت دستیاب ہورہی ہے کیونکہ اب گاڑیوں کے رجسٹریشن کیلئے آر ٹی اے آفس کے چکر لگانے اور درمیانی افراد کے نخرے جھیلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ شوروم پر ہی گاڑی کا رجسٹریشن ہوجائے گا۔ تفصیلات کے بموجب وہیکل انسپکٹر دستاویز جن میں انوائسیس فارم 21 اور 22 کی تصدیق کرنے کے علاوہ شوروم پر ہی گاڑی کا انجن اور چیسی کی تشخیص بھی کردے گا جس کے بعد گاڑی خریدنے والے کو شوروم پر ہی ڈیجیٹل دستخط اور تصویر فراہم کرنے کے مرحلے کو مکمل کرنا ہوگا۔ عام طور پر گاڑی شوروم سے خریدنے کے بعد متعلقہ آر ٹی او آفس کا چکر لگانا پڑتا تھا اور دستاویزی کارروائی کو مکمل کرنے کیلئے آر ٹی اے ایجنٹ کی فیس بھی ادا کرنی پڑتی ہے۔ ایجنٹ چار پہیوں کی گاڑی کیلئے 4500 اور دو پہیوں کی گاڑی کیلئے 1500 روپئے وصول کرتے ہیں، جس میں آر ٹی اے کی فیس بھی شامل ہوتی ہے لیکن اب شوروم پر گاڑیوں کے رجسٹریشن سے ان ایجنٹس سے چھٹکارہ مل جائے گا۔ عہدیداروں کے بموجب تجرباتی طور پر شوروم پر رجسٹریشن کا اہتمام خیریت آباد، مہدی پٹنم، موسیٰ رام باغ، بنڈلہ گوڑہ اور ترملگیری میں کیا جارہا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ بھی اہم ہیکہ آندھراپردیش، دہلی، احمد آباد اور تھرواننتاپورم میں یہ طریقہ کار پہلے ہی روبہ عمل لایا جاچکا ہے۔ علاوہ ازیں جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر جے پانڈو رنگا نائیک نے کہا کہ حیدرآباد میں 150 ڈیلرس ہیں اور اب دیکھنا ہیکہ شوروم پر رجسٹریشن کا عمل کیسے کامیاب ہوپاتا ہے۔ پرانے گاڑیوں کی خریدوفروخت اور مالک کی تبدیلی کیلئے روایتی طریقہ ہی موجود ہے جس کیلئے گاڑی کی خریدوفروخت کیلئے آر ٹی او آفس جانا پڑے گا۔

TOPPOPULARRECENT