Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نئے اضلاع کی تشکیل کا خیرمقدم، چیف منسٹر کا تاریخی فیصلہ

نئے اضلاع کی تشکیل کا خیرمقدم، چیف منسٹر کا تاریخی فیصلہ

چھوٹے اضلاع کے قیام سے بہتر ترقی ممکن، جناب محمد فریدالدین کا بیان
حیدرآباد۔/11اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے نو منتخب رکن قانون ساز کونسل محمد فرید الدین نے نئے اضلاع کی تشکیل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بہتر ترقی اور فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یہ تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ فرید الدین نے آج متعلقہ رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل کے ہمراہ ظہیرآباد ڈیویژن اور منڈل دفاتر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اضلاع کے قیام سے بہتر ترقی ممکن ہے اور چیف منسٹر نے انتہائی سائینٹفک انداز میں نئے اضلاع کا قیام عمل میں لایا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم قربانیوں کے بعد تلنگانہ ریاست حاصل کرنے والے کے چندر شیکھر راؤ چاہتے ہیں کہ سنہری تلنگانہ کا خواب پورا ہو۔ بڑی آبادی والے اضلاع کی صورت میں اسکیمات پر موثر عمل آوری اور ان کی نگرانی آسان نہیں تھی لہذا مختلف اسکیمات کے بارے میں عوام کی جانب سے شکایات موصول ہورہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اضلاع کی صورت میں نہ صرف فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کی نگرانی موثر انداز میں کی جاسکتی ہے بلکہ ضلع کی تیز رفتار ترقی بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین سے مشاورت کے علاوہ ایک ماہ تک عوامی رائے حاصل کی گئی جس کے بعد اضلاع کو قطعیت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی دیگر چھوٹی ریاستوں نے بھی اضلاع کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ فرید الدین نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ اضلاع کی تشکیل میں کوئی سیاسی مقصد براری پیش نظر نہیں ہے۔ حکومت نے نظم و نسق کی سہولت اور بہتر حکمرانی کیلئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لائی ہے اور عوام اس فیصلہ سے خوش ہیں۔ چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرید الدین نے کہا کہ کے سی آر انتہائی دوررس قائد ہیں جنہیں عوامی مفادات ہمیشہ عزیز رہے ہیں۔ گزشتہ ڈھائی برسوں کی حکمرانی میں چیف منسٹر نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا جنہیں ملک کی دوسری ریاستیں بطور مثال حاصل کررہی ہیں۔ چیف منسٹر کو ملک میں نمبر 1 چیف منسٹر کا اعزاز حاصل ہوا ہے جو ان کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ فرید الدین نے کہا کہ ظہیرآباد ڈیویژن کی بہتر ترقی کے امکانات روشن ہوچکے ہیں۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل کے اقدامات کی بھی ستائش کی اور کہا کہ آنے والے دنوں میں رکن پارلیمنٹ اور رکن قانون ساز کونسل کے ترقیاتی بجٹ سے ظہیرآباد میں ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ بیجا تنقیدوں سے گریز کرتے ہوئے تعمیری تجاویز پیش کریں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT