Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / نئے تعلیمی سال میں سرکاری مدارس کے اُردو میڈیم طلبہ میں کتب اور بیاگس کی تقسیم

نئے تعلیمی سال میں سرکاری مدارس کے اُردو میڈیم طلبہ میں کتب اور بیاگس کی تقسیم

اُردو اکیڈیمی جدہ کی ایوارڈ تقریب، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور دیگر کا خطاب

اُردو اکیڈیمی جدہ کی ایوارڈ تقریب، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔یکم مارچ(سیاست نیوز) نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے آج کہاکہ ریاست تلنگانہ میںاُردو کو اس کا مستحقہ مقام فراہم کیا جائے گا اور تمام شعبوں میںاُردو زبان کی ترقی وترویج کے امکانات کو یقینی بنانے کاکام بھی کیاجائے گا۔ سالار جنگ میوزیم آڈیٹوریم میںاُردو اکیڈیمی جدہ کے زیر اہتمام ریاست تلنگانہ کے ایس ای سی( ٹاپرس)کے اعزاز میںمنعقدہ جلسہ تقسیم انعامات سے وہ مخاطب تھے۔ انہوں نے اُردو کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے نو اضلاع میںاُردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ ہے اور پچھلے بار مولانا ابولکام آزادکی یوم پیدائش کے موقع پر دس ویں ضلع کھمم میںبھی اُردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ فراہم کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی اُردو کی ترقی وترویج کے لئے اپنی سنجیدگی کاثبوت پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام سرکاری اور غیرسرکاری انگریزی میڈیم اسکولس کو بھی اُردو پڑھنے کی ہدایت جاری کی جائے گی تاکہ اُردو زبان کو اس کا کھویا ہوا مقام فراہم کیاجاسکے۔ جناب محمد محمو دعلی نے آئند ہ سال سے تمام اُردو میڈیم اسکولس میںحکومت تلنگانہ کی جانب سے اسکول بیاگس ‘ نصابی کتابیں بھی تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کو نظام سابع کے طرز پر حکمرانی کرتے ہوئے ریاست کے تمام طبقات اور مذاہب کی عوام کے ساتھ انصاف کرنے والے حکمران قراردیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو اُردو زبان کے ساتھ بھی مکمل انصاف کریں گے۔انہوں نے نئی نسل کے اندر اخلاق وکردار پید ا کرنے کے لئے اسکول میںاخلاقیات کے ایک مضمون کے اضافے پر بھی زوردیا تاکہ نئی نسل کو تعلیم کے ساتھ بااخلاق اور باکردار بھی بنایاجاسکے۔ انہو ںنے اقلیتوں کے لئے جاری کردہ بجٹ کے عدم استعمال میں عہدیداروں کی کمی کو اصل وجہہ قراردیتے ہوئے کہاکہ اقلیتوں کے ماباقی بجٹ کو آئندہ سال کے ساتھ شامل کرتے ہوئے اقلیتوں کی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سابق کی طرح بجٹ کی واپسی کی یہاں پر کوئی گنجائش نہیںہے اور حکومت اقلیتوں کے بجٹ کو سب پلان کے طرز پر استعمال کرتے ہوئے اقلیتوں کی ترقی کو مذکورہ بجٹ کے ذریعہ یقینی بنانے کاکام کریگی۔انہوں نے وقف جائیدادوں کی صیانت ‘ بازیابی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مسلمانو ںکی ترقی کے لئے استعمال کو یقینی بنانے مفتیان او رمشائخین عظام کے ساتھ عنقریب ایک جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے قیام کو مسلمانوںکے سب سے زیادہ نقصان کا سبب قراردیا او رکہاکہ مسلمانوں کی معیشت ‘ زبان اور سماجی حیثیت کو متاثرکیاگیا اسلئے اب ریاست تلنگانہ کے مسلمانوںپر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کے چندرشیکھر رائو کے ہاتھ مضبوط کریں اور ریاست کی ترقی کے لئے متحد ہوجائیں۔بعدازاں جناب محمد محمودعلی کے ہاتھوں ایس سی سی ٹاپرس سلمی بیگم ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول نارائن پیٹ‘ فرح ناز ضلع پریشد ہائی اسکول پوتھان کل نظام آباد‘ صبامحرین گورنمنٹ ہائی اسکول جنگم میٹ‘ مصباح مہناز گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سامنیم چلکا‘ نابینا طالبات ذکیہ سلطانہ‘ منیشاء اور اوشاشاستری کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا اور لڑکوں میں سید عدیل اللہ قادری‘ شیخ ارشد احمد‘ محمد متین‘ محمدتنویر‘ عمر عالم‘ شیخ مصعب‘ محمد عبدالمقیت‘ زبیر قریشی کو بھی تعلیمی کارکردگی او ربہتر نتائج اور صحافیوں کوڈپٹی چیف منسٹر جنا ب محمد محمودعلی کے ہاتھوں ایوارڈس سے نوازا گیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میںروزنامہ سیاست کے سب ایڈیٹر جناب محمد خواجہ مخدوم محی الدین ‘ نصراللہ دکن نیوز‘ محمدعلیم الدین علیم اسٹائل ‘باقر محسن، ڈاکٹرفاضل حسین پرویزایڈیٹر ہفت روزہ گواہ اور دیگر کے نام قابلِ ذکر ہیں۔پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر وسکریٹری اُردو اکیڈیمی حکومت تلنگانہ اورکانگریس قائد جناب خلیق الرحمن نے بھی ایوارڈز تقسیم کئے۔محمد وجاہت حسین نے قرآنی آیات کی تلاوت کے ذریعہ جلسہ کا آغا ز کیا مشہور غزل گلوکار رکن الدین نے حمد پیش کی صغریٰ فاطمہ نے اقبال کی دعا لب پہ آتی ہے دعاء بن کے تمنا میری پیش کی۔ سعدخان ‘ محمدنعمان اور یوسف حسین نے بھی بارگاہ رسالت مآبؐ میںنعت کا نذرانہ پیش کیا۔جناب سید جمال قادری اور جناب آصف صمدانی نے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمو دعلی کو مومنٹوز پیش کئے۔ نظامت کے فرائض جنا ب عابد صدیقی معاون اعلی اُردو اکیڈیمی جدہ نے انجام دئے۔

TOPPOPULARRECENT