Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / نئے سکریٹری اقلیتی بہبود کی تلاش! محکمہ میں تبادلہ کی اطلاعات گرم

نئے سکریٹری اقلیتی بہبود کی تلاش! محکمہ میں تبادلہ کی اطلاعات گرم

حیدرآباد۔/21اکٹوبر، (سیاست نیوز) حکومت کو محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے نئے سکریٹری کی تلاش ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ مجوزہ اسمبلی اجلاس کے بعد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود اور اس کے اداروں میں ان دنوں سکریٹری کے تبادلہ کی اطلاعات گرم ہیں اور کہا جارہا ہے کہ حکومت نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار احمد ندیم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکریٹری کے بااعتماد سمجھے جانے والے ذرائع نے ان اطلاعات کی تصدیق کی تاہم کہا کہ مسلم ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر کے دفتر سے نمائندگی کرتے ہوئے عمر جلیل کی برقراری کی خواہش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی سیاسی جماعت نے عمر جلیل کے تبادلہ کو روکنے کیلئے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور وہ کسی بھی طرح انہیں عہدہ پر برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ سابق میں بھی محکمہ کی عدم کارکردگی اور اسکیمات پر عمل آوری میں ناکامی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سکریٹری کی تبدیلی کا فیصلہ کیا تھا لیکن لمحہ آخر میں ڈپٹی چیف منسٹر اور دیگر قائدین کی مداخلت پر فیصلہ واپس لیا گیا تھا۔ سید عمرجلیل سکریٹری اقلیتی بہبود کے علاوہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے عہدہ کی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ اسکالرشپ اور فیس باز ادائیگی جیسی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری میں محکمہ ناکام ہوچکا ہے۔ حکومت کو سکریٹری کے علاوہ نئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کا بھی تقرر کرنا ہوگا۔

 

TOPPOPULARRECENT