Saturday , February 24 2018
Home / شہر کی خبریں / نئے پٹہ دار پاس بکس پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تصویر ہوگی

نئے پٹہ دار پاس بکس پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تصویر ہوگی

آزاد ہندوستان کے اولین سیاستدان ہونے کا اعزاز،جنوری 2018ء سے اجرائی
حیدرآباد ۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) آئندہ جنوری سے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کو ایک منفرد مقام ملنے والا ہے۔ آئندہ جنوری سے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے کسی چھیڑچھاڑ سے پاک پٹہ دار پاس بکس پر چندرشیکھر راؤ کی تصویر بھی ہوگی۔ آزاد ہندوستان میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ پٹہ دار پاس بکس پر کسی سیاستداں کی تصویر ہوگی۔ سرکاری ذرائع کے بموجب اب تک صرف گاندھی جی کی تصویر کو کرنسی نوٹوں پر سیکوریٹی جز کے طور پر شائع کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم اب ریاستی حکومت نے جنوری 2018ء سے نئے پٹہ دار پاس بکس جاری کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ یہ کام جاریہ اراضیات سروے اور لینڈ ریکارڈز کو اپ ڈیٹ کرنے کی مہم کے بعد کیا جائے گا۔ کہا گیا ہیکہ موجودہ پٹہ دار پاس بکس نقل کئے جاسکتے ہیں۔ اس سے نمٹنے نئے پاس بکس میں کئی سیکوریٹی امور کا خیال رکھا جائے گا۔ ان میں لیٹر اسکرین امیج، بار کوڈنگ Laminated Film ، ڈائی کٹس، او سی آر وغیرہ شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ یہ واٹرپروف دستاویز ہوگا اور اگر اسے 15 تا 20 دن بھی پانی میں رکھا جائے تو یہ متاثر نہیں ہوگا۔ پانی میں رہنے کے باوجود اس کے اندراجات متاثر نہیں ہوں گے۔ ان سب کے علاوہ چیف منسٹر کی تصویر بھی نئی پاس بک کا لازمی حصہ رہے گی۔ ایک عہدیدار نے بتایاکہ اس اقدام سے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ ملک کے پہلے چیف منسٹر اور سیاستداں ہوں گے جن کی تصویر کسی سرکاری دستاویز پر سیکوریٹی جز کے طور پر شائع ہوگی۔ اب تک کرنسی نوٹوں پر صرف گاندھی جی کی تصویر شائع ہوتی رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT