Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / نائب صدر جمہوریہ عہدہ کے لیے ایم وینکیا نائیڈو تیسرے تلگو شخص

نائب صدر جمہوریہ عہدہ کے لیے ایم وینکیا نائیڈو تیسرے تلگو شخص

سروے پلی رادھا کرشنن ، وی وی گری نائب صدور کے بعد صدور کے عہدوں تک خدمات
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) ہندستان کے نائب صدر کے عہدہ کیلئے این ڈی اے امیدوار مسٹر ایم وینکیا نائیڈو تیسرے تلگو داں شخص ہیں جو اس جلیل القدر عہدہ پر انتخاب کیلئے امیدوار بنائے گئے ہیں۔ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو سے قبل سروے پلی رادھا کرشنن اور وی وی گری اس عہدہ پر فائز ہوئے تھے اور نائب صدر جمہوریہ کے بعد دونوں ہی صدر جمہوریہ بھی بنائے گئے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے نائب صدر جمہوریہ عہدہ کیلئے مسٹر وینکیا نائیڈو کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس طرح اگر وہ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ایسی صورت میں وہ تیسرے ایسے تلگو داں ہوں گے جو نائب صدر جمہوریہ کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوں گے۔ سروے پلی رادھاکرشنن جو کہ تمل ناڈو میں پیدا ہوئے تھے وہ 1952تا1962نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز رہے اور بعد ازاں وہ 1962 میں صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز ہوئے اور 1967تک اسی عہدہ پر رہے ۔ اسی طرح آنجہانی وی وی گری بھی تلگو داں نائب صدر جمہوریہ رہے جو 1967میں اس جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوئے تھے اور وہ 1969تک اس عہدہ پر برقرار رہے اور 1969میں انہیں ہندستان کا چوتھے صدر جمہوریہ کا اعزاز حاصل ہوا جو 1974تک صدر جمہوریہ ہند کے عہدہ پر فائز رہے۔ وی وی گری کی پیدائش اڈیشہ کی تھی لیکن ان کی پرورش تلگو ریاست میں ہوئی اور مسٹر ایم وینکیا نائیڈو اور آنجہانی صدر جمہوریہ سروے پلی رادھا کرشنن کے درمیان صرف زبان کا اشتراک نہیں ہے بلکہ مسٹر رادھا کرشنن آندھرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں اور مسٹر ایم وینکیا نائیڈو آندھرا یونیورسٹی کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو پہلے ایسے تلگو شخص ہیں جو آندھرا پردیش میں پید ا ہوتے ہوئے تلگو شخص کی شناخت کے ساتھ نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے امیدوار بنائے گئے ہیں کیونکہ سابقہ دونوں صدور جمہوریہ جو کہ تلگو رہے ہیں لیکن دونوں کی پیدائش آندھرا پردیش کے کسی مقام کی نہیں رہی لیکن مسٹر ایم وینکیا نائیڈو ریاست آندھرا پردیش کے ضلع نیلور میں پیدا ہوئے ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کے علاوہ سیاسی زندگی بھی تلگو ریاستوں میں ہی رہی ہے۔مسٹر وینکیا نائیڈو کو نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے این ڈی اے کا امیدوار بنائے جانے پر آندھرا پردیش کے تلگو عوام میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT