Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / نابیناؤں کو احساس کمتری کا شکار نہ ہونے کا مشورہ، مسائل کو حل کرنے کا تیقن

نابیناؤں کو احساس کمتری کا شکار نہ ہونے کا مشورہ، مسائل کو حل کرنے کا تیقن

ڈاکٹر لوئیز برائیلی کی یوم پیدائش تقریب، بنڈارو دتاتریہ اور دیگر قائدین کا خطاب

ڈاکٹر لوئیز برائیلی کی یوم پیدائش تقریب، بنڈارو دتاتریہ اور دیگر قائدین کا خطاب

حیدرآباد 11 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و ایمپلائمنٹ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے ڈاکٹر لوئیز برائیلی کی نابینا افراد کیلئے انجام دی گئی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر لوئیز برائیلی جو پیرس کے ایک معمولی گھرانے میں پیدا ہوئے تھے، کم عمری ہی میں ایک اتفاقی حادثہ میں دونوں آنکھوں سے محروم ہوگئے تھے لیکن اُنھوں نے تعلیم حاصل کرنے میں ہمت نہیں ہاری یہاں تک کہ اُنھوں نے برائیلی پرنٹنگ کی ایجاد کرتے ہوئے دنیا بھر کے نابیناؤں کو اس زبان کے ذریعہ زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر نابیناؤں کے مستقبل کو تاریکی سے روشنی میں بدلنے کا ذریعہ بنایا۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ آج ویژولی چالینجڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کے زیراہتمام رویندرا بھارتی آڈیٹوریم میں منعقدہ ڈاکٹر لوئیز برائیلی کی (206) ویں یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈاکٹر برائیلی کی ایجاد کردہ برائیلی زبان سے ساری دنیا کے نابیناؤں کیلئے ایک تحفہ سے کم نہیں ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ کے تمام نابینا افراد پر زور دیا کہ وہ اپنی بینائی سے محرومی پر احساس کمتری کا شکار نہ ہوں بلکہ وہ ڈاکٹر لوئیز کی زندگی کے نمونے کو مدنظر رکھتے ہوئے بلند حوصلہ اور عزم مصمم کے ساتھ سماج میں برابر کے شریک رہیں۔ انھوں نے تلنگانہ کے نابیناؤں کو تیقن دیا کہ وہ انھیں درپیش مسائل کی یکسوئی کے لئے پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا میں نمائندگی کرتے ہوئے معذورین کو تین فیصد تحفظات پر مؤثر عمل آوری کے لئے مرکز سے اجازت طلبی کی مساعی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ عنقریب نابینا افراد میں اسکل ڈیولپمنٹ کیلئے آئی ٹی آئیز اور پالی ٹکنیک اداروں میں انھیں تربیت دی جاکر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انھیں عام آدمی بیمہ یوجنا اسکیم کے تحت اور دیگر مسائل کے حل کی سہولت بھی دی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمد محمود علی نے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر لوئیز برائیلی کی نابینا افراد کے لئے انجام دیئے گئے کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نابینا افراد کو تیقن دیا کہ وہ نابیناؤں کو درپیش تمام مسائل کے حل کے علاوہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی تمام مراعات جیسے پنشن کی فراہمی، ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکانات کی فراہمی، نابیناؤں کے لئے اسکول اور کالجس کا قیام اور برقی پر سبسیڈی شامل ہیں دیئے جائیں گے۔ اُنھوں نے نابیناؤں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز جن میں ایس سی ایس ٹی پلان کی طرز پر نابیناؤں کے لئے بھی سب پلان کا اعلان کرتے ہوئے علیحدہ فنڈس کی اجرائی، نابیناؤں کو ڈپارٹمنٹل امتحان کے بغیر ترقی کے علاوہ نابیناؤں کی ترقی اور فلاح و بہبود اور تحفظات پر عمل آوری شامل ہیں کو چیف منسٹر کے علم میں لاتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر اسمبلی تلنگانہ شریمتی پدما دیویندر ریڈی، رکن پارلیمان چیوڑلہ مسٹر کونڈا ویشویشور ریڈی، چیرمین ٹی ایس پی ایس سی حیدرآباد پروفیسر جی چکراپانی، صدر اسٹیٹ سیل ٹی آر ایس مسٹر کے ستیہ نارائنا، صدر تلنگانہ رائٹرس اسوسی ایشن مسٹر نندنی سدا ریڈی، ڈسٹرکٹ پنچایت راج آفیسر شریمتی پدمجا، ڈاکٹر ایم انجنیلو نے بھی مخاطب کیا۔ جلسہ کی صدارت شاعر و گلوکار و او ایس ڈی چیف منسٹر آفس مسٹر دیش پتی سرینواس نے کی جنھوں نے اپنی صدارتی تقریر میں ڈاکٹر لوئیز برائیلی کی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر صدر وی سی ای اسوسی ایشن مسٹر ایس گنگادھر اور جنرل سکریٹری کے سرینواس نے شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT