Tuesday , August 21 2018
Home / Top Stories / ’’ناخوشگوار واقعہ پر وزیر اعظم مودی کی کھال اُدھیڑ لیں گے ‘‘

’’ناخوشگوار واقعہ پر وزیر اعظم مودی کی کھال اُدھیڑ لیں گے ‘‘

تیج پرتاپ یادو کا انتباہ ۔ آر جے ڈی لیڈر کی سکیورٹی میں کٹوتی پر بیٹے کا ردعمل
پٹنہ ؍ نئی دہلی 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی زیڈ پلس وی آئی پی سکیورٹی جو این ایس جی کمانڈوز فراہم کرتے ہیں، اُس سے دستبرداری اختیار کرلی جس پر اُن کے بیٹے نے شدید برہمی کے ساتھ ردعمل میں الزام عائد کیاکہ این ڈی اے حکومت قتل کی سازش رچا رہی ہے۔ صدر راشٹریہ جنتا دل کے ساتھ ساتھ جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے سابق قومی صدر شرد یادو اور سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کی سکیورٹی میں بھی تخفیف کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے پربہار میں سیاسی بیان بازی تیز ہو گئی ہے۔ لالو پرساد کے بڑے بیٹے اور سابق وزیر صحت تیج پرتاپ یادو نے آج یہاں اسمبلی کے احاطے میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ان کے والد کے قتل کی سازش ہو رہی ہے اور اسی وجہ سے ان کی سکیورٹی میں کمی کی گئی ہے ۔ سازش کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی میں کمی کے بعد کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کھال اُدھیڑ لیں گے ۔ جے ڈی یو کے ترجمان سنجے سنگھ نے تیج پرتاپ کے بیان پر تنقید میں کہا کہ وزیر اعظم کے بارے میں اس طرح کا تبصرہ کرنا غلط ہے ۔ دراصل اقتدار سے باہر ہونے کے بعد سے لالو خاندان مایوسی کا شکار ہے اور اسی وجہ سے اس خاندان کے لوگ آئے دن نامعقول بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے تیج پرتاپ نے نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی کو گھر میں گھس کر قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ دریں اثناء، ہندوستانی عوام مورچہ ( ایچ اے ایم) کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی مانجھی نے اپنی سکیورٹی میں کٹوتی کے فیصلے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔سرکاری ذرائع نے کہاکہ سابق چیف منسٹر بہار لالو پرساد کو اب زیڈ زمرہ کی سکیوریٹی دی جائے گی اور اُن کی حفاظت سی آر پی ایف کے مسلح کمانڈو اسکواڈ کرے گا۔ لالو پرساد کو اب نیشنل سکیوریٹی گارڈ بلیک کیاٹ کمانڈوز کی حفاظت دستیاب نہیں رہے گی۔ این ایس جی صرف زیڈ پلس سکیوریٹی فراہم کرتے ہیں۔ یہ فیصلہ مرکزی وزارت داخلہ نے مختلف وی آئی پی شخصیتوں کو خطرے کی حدوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ تیجسوی یادو جو سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور آر جے ڈی سربراہ کے چھوٹے فرزند ہیں، اُنھوں نے بھی لالو پرساد کی سکیوریٹی کا درجہ گھٹانے پر مرکز کو نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ لالو پرساد کی سکیوریٹی گھٹاتے ہوئے مرکز لالو کو خوفزدہ کرنے کوشاں ہے جو اپوزیشن کو متحد کرنے کی سمت کام کررہے ہیں۔ یہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی طرف سے نہایت گھٹیا سیاست ہے۔ اِس دوران ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے لالو پرساد کی سکیوریٹی کو گھٹانے پر احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ لالو سے لوگ ڈرتے ہیں، لالو کو کس سے ڈر لگتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT