Thursday , October 18 2018
Home / شہر کی خبریں / نارائنا کالج تروپتی میں طالب علم کی خودکشی پر 50 لاکھ کا جرمانہ

نارائنا کالج تروپتی میں طالب علم کی خودکشی پر 50 لاکھ کا جرمانہ

کابینی وزیر اے پی نارائنا کے زیر انتظام کالج کے خلاف حکومت کی کارروائی
حیدرآباد /13 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے کابینی وزیر مسٹر نارائنا کے زیر انتظام تروپتی میں چلائے جانے والے نارائنا تعلیمی ادارے میں طالب علم کی خودکشی کے پیش آئے واقعہ پر اس تعلیمی ادارے نارائنا کالج انتظامیہ پر 50 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھراپردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے اس بات کا انکشاف کیا اور عائد کردہ 50 لاکھ روپئے جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اس تعلیمی ادارے کی منظوری ( اجازت ناموں ) کو منسوخ کردینے کا سخت انتباہ دیا ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ ریاست میں اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے کیلئے ڈی ایس سی کے انعقاد کی مکمل ذمہ داری آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن کے حوالہ کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ مسٹر جی سرینواس راؤ نے مزید بتایا کہ وشاکھاپٹنم میں جاریہ ماہ 16 ڈسمبر سے ’’انٹرنیشنل ٹیک کانفرنس ‘‘ کا انعقاد عمل میں آئے گا اور یہ کانفرنس تین دن یعنی 18 ڈسمبر تک جاری رہے گا ۔

آندھراپردیش میں مقامی ادارہ جات کے تحت ایم ایل سی انتخابات کا اعلان
19 ڈسمبر کو اعلامیہ کی اجرائی ، اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسر کا بیان
حیدرآباد /13 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھراپردیش نے ریاست کے ضلع کرنول کے مقامی ادارہ جات کوٹہ کے تحت رکن آندھراپردیش قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشست کیلئے شیڈول جاری کیا ہے ۔ اس شیڈول ( پروگرام ) کی روشنی میں 19 ڈسمبر کو ضلع کرنول کی ادارہ جات مقامی کوٹہ کے تحت مخلوعہ رکن اے پی قانون ساز کونسل کی نشست کیلئے باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کی آخری تاریخ 26 ڈسمبر ہوگی اور آئندہ سال یعنی 2018 ، 12 جنوری 2018 کو مذکورہ مخلوعہ نشست کیلئے منعقد ہونے والے انتخاب کی رائے دہی ہوگی ۔ جبکہ 16 جنوری کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آنے کے بعد نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ کرنول ادارہ جات مقامی کوٹہ کی رکن کونسل کی نشست مسٹر شلپا چکراپانی ریڈی کے مستعفی ہونے سے مخلوعہ ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT