Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / نارائن اور پولارڈ کی ویسٹ انڈیز ٹیم میں واپسی

نارائن اور پولارڈ کی ویسٹ انڈیز ٹیم میں واپسی

جمائیکا۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف مجوزہ سہ رخی سیریز کیلئے جارحانہ آل راؤنڈر کیرون پولارڈ اور اسپنر سنیل نارائن کو ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔اسکواڈ میں انگلینڈ کیخلاف فائنل میچ کے ہیرو کارلوس بریتھ ویٹھ اور مارلون سیمیولز کے بشمول ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم  کے پانچ اراکین شامل ہیں۔ 91 ونڈے مقابلوں کا تجربہ رکھنے والے پولارڈ گھٹنے کے زخم کے سبب ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکے تھے جبکہ سنیل نارائن مشکوک بولنگ ایکشن کے سبب ٹیم سے باہر تھے۔ سب سے حیران کن اخراج 269 ونڈے کھیلنے والے جارحانہ اوپنر کرس گیل کا ہے جنہوں نے آخری مرتبہ مارچ 2015 میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی تھی جبکہ ڈیرن سیمی اور ڈیوین براووکو ایک مرتبہ پھر نظرانداز کردیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کی ونڈے ٹیم میں 16 ٹسٹ میچ کھیلنے والے شینن گیبریئل اور اسپنر ایشلے نرس کو بھی شامل کیا گیا جہاں دونوں کھلاڑی ویسٹ انڈیز کیلئے ونڈے کریئر کا آغاز کرنے تیار ہیں۔ سہ رخی سیریز کا آغاز 3جون کوگیانا میں ہو گا۔ویسٹ انڈیز اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ جیسن ہولڈر(کپتان)، سلیمان بین، کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیرن براوو، جوناتھن کارٹر، جانسن چارلس، آندرے فلیچر، شینن گیبریئل، سنیل نارائن، ایشلے نرس، کیرون پولارڈ، دنیش رامدین، مارلن سیمیولز اور جیروم ٹیلر۔

TOPPOPULARRECENT