نارائن پیٹ ٹاؤن میں صفائی کے ناقص انتظامات

نارائن پیٹ 24 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ٹاؤن میں بلدیہ کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب ٹاؤن کے کئی وارڈوں میں گندگی اور تعفن پھیل جانے سے وبائی امراض کے بڑے پیمانے پر پھوٹ پڑنے کے اندیشے لاحق ہوگئے ہیں۔ آبادی کے کئی علاقوں میں کچرے کی نکاسی اور موریوں کی عدم صفائی سے جا بجا کچرے کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں اور موریاں اُبل پڑی ہیں۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ نئی بلدی کونسل کے جائزۃ حاصل کرکے تقریباً 5 ماہ کا عرصہ ہوا لیکن بلدی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ آبادی کے اندر موریوں پر سلاب نہ ہونے سے راہروؤں کو مشکلات درپیش ہیں اور موریوں کا گندہ پانی سڑکوں پر بہنے سے راہروؤں اور سواریوں کو ناقابل بیان دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ بستی کے کئی علاقوں میں اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب عمل میں نہیں لائی گئی جس کے سبب اندھیرے میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ گندگی کے سبب خنزیروں کی بہتات ہوگئی ہے۔ ہر طرف گندگی سے مچھروں کی کثرت کی بھی شکایات وصول ہورہی ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ محکمہ بلدیہ اور محکمہ صحت اس جانب فوری توجہ دے بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT