نارائن پیٹ ٹی ڈی پی رکن اسمبلی ایلاریڈی اور عثمانیہ طلبہ جے اے سی کی ٹی آر ایس میں شمولیت

پنالہ لکشمیا اور سریدھر بابو پر شدید تنقید ، صدر ٹی آر ایس کے سی آر سے ملاقات کے بعد بیان

پنالہ لکشمیا اور سریدھر بابو پر شدید تنقید ، صدر ٹی آر ایس کے سی آر سے ملاقات کے بعد بیان
حیدرآباد ۔12 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی اور عثمانیہ یونیورسٹی طلباء جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ نے ان قائدین کا استقبال کیا۔ محبوب نگر کے نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے تلگو دیشم رکن اسمبلی وائی یلا ریڈی ، عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی کے قائد پی روی ، ورنگل ضلع کی تلگو دیشم مہیلا وبھاگ کی صدر پریما لتا اور دوسروں نے آج ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ پارٹی کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ پارٹی ترجمان جگدیشور ریڈی اور ٹی آر ایس وی کے صدر بی سمن اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ رکن اسمبلی یلا ریڈی نے چندر شیکھر راؤ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو میں ٹی آر ایس کا اہم رول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کی جدوجہد کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ یلا ریڈی نے بتایا کہ ضلع کے قائدین سے مشاورت کے بعد ہی انہوں نے تلگو دیشم سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ غیر مشروط طور پر ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔

عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی کے قائدین پی روی نے چندر شیکھر راؤ کو ایک عظیم قائد قرار دیا اور کہا کہ مختلف گوشوں سے سازشوں کے باوجود کے سی آر نے علحدہ ریاست کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے حصول کا سہرا ٹی آر ایس کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی اور کاکتیہ یونیورسٹی کے طلباء کے سر جاتا ہے جنہوں نے مقدمات کی پرواہ کئے بغیر جدوجہد میں حصہ لیا۔ انہوں نے تلنگانہ پی سی سی صدر کی حیثیت سے پی لکشمیا اور انتخابی منشور کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے سریدھر بابو کے انتخاب پر تنقید کی اور کہا کہ تحریک کے دوران ان قائدین نے ہی طلباء کو جیلوں میں بھیجا تھا۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کرتے ہوئے کے سی آر کی قیادت کو مضبوط کریں۔ اسی دوران محبوب نگر کے گدوال اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم قائدین نے بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ گدوال اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس انچارج کرشنا موہن ریڈی کی قیادت میں ان قائدین نے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیت اختیار کرنے والے گدوال مارکٹ کمیٹی کے سابق صدرنشین رگھوناتھ ریڈی ، سابق منڈل پریشد صدر مدھو سدن ریڈی اور منڈل کمیٹی کے سابق صدرنشین کرشنا ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT