Friday , November 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نارائن پیٹ کے اچھے دن کا عنقریب آغاز

نارائن پیٹ کے اچھے دن کا عنقریب آغاز

ریاستی وزیر کے ٹی آر کی جانب سے ترقیاتی فنڈس کی منظوری کا اعلان متوقع

نارائن پیٹ۔ 13 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کلواکنٹلہ تارک راما راؤ (کے ٹی آر) کے 15 جولائی کو دورہ نارائن پیٹ کے موقع پر ایک اجلاس عام کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس اجلاس عام کو ’’پرگتی سبھا‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے جس میں ضلع بھر سے 25 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ کے ٹی آر نارائن پیٹ مستقر پر کئی ایک ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیں گے جس میں مشن بھگیرتا کے لئے منظورہ 18 کروڑ روپئے کے کاموں کا افتتاح، پی جی سنٹر، شہر کی مین سڑک کی توسیع، منی اسٹیڈیم، ڈبل بیڈروم مکانات کے علاوہ میونسپل شاپنگ کامپلیکس کے متصل توسیعی کاموں کا بھی افتتاح انجام دیں گے۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی نے بتایا کہ اس کے علاوہ کئی ایک ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز کی منظوری کا وزیر موصوف اپنے دورہ کے موقع پر اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب نارائن پیٹ کے اچھے دن کا آغاز ہوا ہے۔ اب نارائن پیٹ کی ترقی کے کاموں کو کوئی روک نہیں سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ نارائن پیٹ کی بین ریاستی شاہراہ، موضع سنگاگیٹ تا ایپا سوامی مندر، یادگیر روڈ کو چار رخی سڑک کے لئے اور نارائن پیٹ ٹاؤن میں پولیس کوارٹر کیلئے بھی وزیر موصوف سے نمائندگی کی جائے گی۔ نارائن پیٹ ٹاؤن کے گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ (منی اسٹیڈیم) میں جلسہ عام کے لئے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ 25 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش کے واٹر پروف شامیانے نصب کئے جارہے ہیں۔ سب کلکٹر کرشنا آدتیہ، ڈی ایس پی سرینواس ریڈی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر سڑک کے راستے سے ہی نارائن پیٹ آرہے ہیں۔ قبل ازیں وہ نارائن پیٹ کے مواضعات میں بھی مشن بھگیرتا کے کاموں کا افتتاح انجام دیں گے۔ کے ٹی آر کا دورہ نارائن پیٹ کی پسماندگی کو دور کرنے کی جانب ایک جہت ثابت ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT