Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / نارائن کھیڑ حلقہ اسمبلی ضمنی انتخاب کو بلامقابلہ بنانے پر زور

نارائن کھیڑ حلقہ اسمبلی ضمنی انتخاب کو بلامقابلہ بنانے پر زور

صدر تلنگانہ پی سی سی کیپٹن اتم کمار ریڈی کا چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 17 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر و صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخابات کو بلامقابلہ بنانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔ 19 اکٹوبرکو ڈگ وجئے سنگھ کے ساتھ منعقد ہونے والے اجلاس میں مختلف مسائل پر غور کرنے کا اعلان کیا۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ 19 اکٹوبر کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ کانگریس قائدین کے اجلاس میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے علاوہ تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ورنگل لوک سبھا اور نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات پر تفصیلی غوروخوض کیا جائے گا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی مسٹر کشٹاریڈی کے انتقال سے اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کی نشست مخلوعہ ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی آنجہانی قائد کے کسی فرد کو بلا مقابلہ منتخب کرانا چاہتی ہے۔ اس سلسلہ میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں متفقہ رائے سے ایک قرارداد بھی منظور ہوئی ہے اور وہ چیف منسٹر تلنگانہ و صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی طرف سے کوئی امیدوار نہ کھڑا کرنے انتخاب کو بلامقابلہ بنانے میں تعاون کرنے کی اپیل کرچکے ہیں۔ ساتھ ہی دوسری جماعتوں سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔ انہیں امید ہے تمام جماعتیں کانگریس کے ساتھ تعاون کریں گی بصورت دیگر کانگریس پارٹی اپنی حکمت عملی تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 19 اکٹوبر کو تاریخی چارمینار پر راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا کمیٹی کی جانب سے سلور جوبلی تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے، جس میں قائد اپوزیشن راجیہ سھا مسٹر غلام نبی آزاد کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT