Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نارائن کھیڑ ضمنی انتخاب ، آنجہانی کشٹا ریڈی کے فرزند کانگریس امیدوار

نارائن کھیڑ ضمنی انتخاب ، آنجہانی کشٹا ریڈی کے فرزند کانگریس امیدوار

ٹکٹ کی فراہمی پر سنجیوریڈی مقابلہ کے لیے تیار ، میدک کانگریس کمیٹی کا آنجہانی قائد کو خراج
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کانگریس پارٹی نے اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کے لیے آنجہانی رکن اسمبلی مسٹر پی کشٹا ریڈی کے فرزند سنجیو ریڈی کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ واضح رہے کہ اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے مسٹر پی کشٹا ریڈی کا انتقال ہوگیا ۔ نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی و انچارج تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے اپنے دورے حیدرآباد کے موقع پر گاندھی بھون میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جس میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر آنجہانی رکن اسمبلی کے فرزند سنجیو ریڈی کو ہی کانگریس کا امیدوار بنانے سے اتفاق کیا گیا ۔ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی سفارش کو قبول کرتے ہوئے سنجیو ریڈی کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ۔ کانگریس سے دعویداروں میں سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر سریش کمار شیٹکار بھی شامل تھے تاہم ضلع میدک کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں آنجہانی قائد کے فرزند کو ہی امیدوار بنانے کی قرار داد منظور کی گئی تھی ۔ جس کا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے احترام کیا ہے ۔ کانگریس کے سینئیر قائدین کی جانب سے سریش شیٹکار سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخاب میں پائی جانے والی ہمدردی کی لہر سے فائدہ اٹھانے کی بھر پور کوشش کررہی ہے ۔ پارٹی کے قائدین کو ذمہ دار بناتے ہوئے انتخابی مہم چلانے کی ذمہ داری سونپی جارہی ہے ۔ ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے تمام سینئیر قائدین کو اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کی انتخابی مہم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ریاست کے سینئیر قائدین بھی کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT