Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / نارائن کھیڑ میں ٹی آر ایس کی کامیابی چیف منسٹر کی سالگرہ کا تحفہ

نارائن کھیڑ میں ٹی آر ایس کی کامیابی چیف منسٹر کی سالگرہ کا تحفہ

رائے دہندوں سے اظہار تشکر ، وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اپنا وعدہ پورا کیا
حیدرآباد۔/16فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ جو حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے ضمنی چناؤ کے انچارج تھے انہوں نے چیف منسٹر کو دیئے گئے وعدہ کے مطابق نارائن کھیڑ کی کامیابی کو چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر بطور تحفہ پیش کیا ہے۔  چیف منسٹر کی سالگرہ کل 17فبروری کو ہے۔ ہریش راؤ نے نارائن کھیڑ کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ نارائن کھیڑ کی ترقی کیلئے جو اعلانات کئے گئے ان پر عمل کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس کامیابی سے ان کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے اور نارائن کھیڑ کے عوام کے قرض کو ترقیاتی کاموں کے ذریعہ پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر کیلئے اسے بطور تحفہ پیش کررہے ہیں اور کے سی آر حکومت پر عوامی فیصلہ اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کے حق میں عوام نے اپنی رائے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی جانب سے ہمدردی کی لہر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عوام نے ہمدردی کے بجائے ترقی کو ترجیح دی ہے۔ نارائن کھیڑ کے عوام مسائل کی یکسوئی چاہتے ہیں کیونکہ گزشتہ کئی دہوں سے علاقہ کی ترقی کو نظرانداز کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا وہ نارائن کھیڑ کو سدی پیٹ کی طرز پر ترقی دیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس کامیابی سے اپوزیشن جماعتوں کو سبق لینا چاہیئے جو حکومت پر بیجا تنقیدوں کے ذریعہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کی طرح نارائن کھیڑ میں بھی رائے دہندوں نے اپوزیشن کو مسترد کردیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT