Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / نارائن کھیڑ میں ٹی آر ایس کی کامیابی، عوام کی کامیابی : ٹی ہریش راؤ

نارائن کھیڑ میں ٹی آر ایس کی کامیابی، عوام کی کامیابی : ٹی ہریش راؤ

حلقہ کو ترقی دینے کا عزم، وزیر آبپاشی کا بھوپال ریڈی کی حلف برداری کے بعد بیان
حیدرآباد 21 فروری (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے گزشتہ دنوں حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ میں منعقدہ ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو عوام کی کامیابی سے تعبیر کیا اور کہاکہ حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کی ترقی میری (ہریش راؤ کی) ذمہ داری ہوگی۔ آج یہاں اسمبلی احاطہ میں ٹی آر ایس آفس میں حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے نومنتخب رکن اسمبلی مسٹر بھوپال ریڈی کی حلف برداری کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ٹی ہریش راؤ نے پھر ایک بار حلقہ نارائن کھیڑ کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ ضمنی انتخاب میں 83 فیصد رائے دہی ہونا ہی ایک ریکارڈ ہے اور اس طرح نارائن کھیڑ میں کئی نئے ریکارڈ کئے گئے۔ انھوں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کے نظم و نسق کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہاکہ محض کے سی آر کی زیرقیادت حکومت کی بہتر کارکردگی و نظم و نسق کی وجہ سے ہی حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی ممکن ہوسکی۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہاکہ ضمنی انتخاب کے موقع پر عوام سے کئے ہوئے تمام وعدوں و دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے کے نہ صرف وہ بلکہ حکومت پابند ہے اور حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ ٹی آر ایس کو عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے جس کے باعث ہی ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی اور اپوزیشن جماعتوں کے بیانات و تیقنات کی عوام نے پرواہ نہیں کی۔ جبکہ سابق ارکان اسمبلی کی قیادت میں حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کی کوئی ترقی ہی نہیں ہوسکی اور آج تمام جماعتوں کو شرمناک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ اس کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کو بہتر نصیحت حاصل نہیں ہوئی اور اپوزیشن جماعتوں کو اپنا محاسبہ کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست تلنگانہ کو ملک بھر میں سرفہرست لانے کے لئے اپنی کوششوں میں مصروف ہیں اور بہت جلد ریاست تلنگانہ اپنی ہمہ جہتی ترقی کے ذریعہ ملک بھر میں نمبر ون ریاست کا موقف حاصل کرلے گی۔

TOPPOPULARRECENT