Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / ناراض تلگودیشم کارکنوں کا پارٹی امیدوار پر حملہ

ناراض تلگودیشم کارکنوں کا پارٹی امیدوار پر حملہ

کرشنیا کی کار کے آئینے چکناچور،نلگنڈہ تلگودیشم آفس میں توڑ پھوڑ

کرشنیا کی کار کے آئینے چکناچور،نلگنڈہ تلگودیشم آفس میں توڑ پھوڑ
حیدرآباد۔/9اپریل، ( پی ٹی آئی) شہر کے مضافاتی علاقہ ایل بی نگر اسمبلی حلقہ میں تلگودیشم امیدوار آر کرشنیا کی کار پر آج ان ہی کی پارٹی کے مقامی لیڈر کے حامیوں کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر حملہ کردیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ مقامی لیڈر انتخابات میں تلگودیشم پارٹی سے ٹکٹ کی محرومی پر برہم تھا۔پولیس نے کہا کہ کرشنیا اپنے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے روانہ ہورہے تھے کہ ان ہی کی پارٹی کے ایک لیڈر کے حامیوں نے کار پر سنگباری کی اور چند نے ناریل پھینکے جس کے نتیجہ میں کار کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم کرشنیا یا کوئی دوسرے زخمی نہیں ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ( ایل بی نگر زون ) وشوا پرساد نے کہا کہ اس واقعہ کے ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے مزید تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ کرشنیا جو پسماندہ طبقات کے لیڈر ہیں حال ہی میں تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور تلنگانہ میں خود کو چیف منسٹر کے عہدہ کا امیدوار تصور کرتے ہیں۔ تاہم تلگودیشم کے چند مقامی لیڈروں اور ان کے حامیوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی قائدین کو محروم رکھتے ہوئے غیر مقامی شخص کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

جس کے نتیجہ میں مقامی تلگودیشم کیڈر میں ناراضگی پائی جارہی ہے اور کرشنیا کی کار پر آج کا حملہ بھی ناراضگی سے تعلق رکھتا ہے۔ایسے ہی ایک دوسرے واقعہ میں حلقہ لوک سبھا کھمم میں کرن کمار ریڈی کی جئے سمکھیا آندھرا پارٹی کے امیدوار ناگرجنا راؤ پر ٹی آر ایس کے کارکنوں نے اس وقت حملہ کردیا جب وہ اپنے بعض ریمارکس کے ذریعہ ان کارکنوں کو مشتعل کررہے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ناگرجنا راؤ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے روانہ ہورہے تھے۔ ٹی آر ایس کارکنوں نے ان کی کار پر بھی سنگباری کی جس کے نتیجہ میں ناگرجنا راؤ معمولی طور پر زخمی ہوگئے۔ اس دوران نلگنڈہ ٹاؤن میں تلگودیشم پارٹی کے برہم کارکنوں نے اپنی ہی پارٹی کے مقامی آفس میں زبردست توڑ پھوڑ کی جو بی جے پی کے ساتھ تلگودیشم کی نشستوں پر مفاہمت اور ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ میں پارٹی امیدواروں کو نظرانداز کئے جانے پر برہم تھے۔

TOPPOPULARRECENT