Wednesday , December 13 2017
Home / جرائم و حادثات / نازیہ بیگم قتل کا ملزم سلیم گرفتار

نازیہ بیگم قتل کا ملزم سلیم گرفتار

رقمی لین دین پر قتل کا شاخسانہ، راجندر نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس نے نازیہ بیگم قتل کیس کے مسئلہ کو حل کرلیا ہے اور اس سلسلہ میں پولیس نے نازیہ کے ساتھی سلیم کو گرفتار کرلیا جو مقتولہ کو اکثر اپنی کیاب اور آٹو میں لے جایا کرتا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد محترمہ پدمجا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ملزم کو میڈیا کے روبرو پیش کیا اور قتل کی وجوہات سے واقف کروایا۔ تاہم قتل کی اصل وجہ کے پیچھے راز کا پولیس کو بھی علم نہ ہوسکا کہ آیا سلیم کے اس حد تک جانے کی وجہ کیا تھی۔ نازیہ دوسرے شوہر سے ناراض تھی اور سلیم اپنی شادی شدہ زندگی میں خوش تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نازیہ کی نعش کو پولیس نے موسی ندی سے 6 ستمبر کو برآمد کیا تھا جبکہ اس کی گمشدگی کی شکایت بوئن پلی پولیس اسٹیشن میں کی گئی تھی۔ ڈی سی پی شمس آباد نے اس کیس کی جلد اور جامع تحقیقات پر سب انسپکٹر مسٹر نارائن ریڈی کی ستائش کی۔انہوں نے بتایا کہ 31اگسٹ کو 28سالہ سلیم ساکن رسول پورہ پولیس لائن نے جو نازیہ بیگم ساکن محمدیہ مسجد بوئن پلی کے مبینہ قتل کا منصوبہ تیار کرچکا تھا اس خاتون کو اپنی سوئفٹ لایزائر گاڑی میں میٹرپلی کے جنگلاتی علاقہ لے گیا اور دونوں میں جھگڑے کے بعد اس نے خاتون کا قتل کردیا اور اس کی نعش تھیلے میں باندھ کر راجندر نگر کے سنسان مقام پر نعش کو موسی ندی میں پھینک دیا۔ پولیس کے مطابق نازیہ اور شیخ سلیم کی جان پہچان ڈھائی سال قبل ہوئی تھی ۔ اکثر نازیہ قاتل کے آٹو اور ٹیکسی میں سفر کرتی تھی جس کے بعد وہ دوبئی چلی گئی تھی۔ نازیہ پہلے شوہر سے طلاق کے بعد دوسری شادی سال 2011 میں کی تھی ۔ اس خاتون کی پہلی شادی سال 2005 میں ہوئی تھی۔ دوسرے شوہر سے نااتفاقی کے سبب مقتولہ نے دوری اختیار کرلی تھی اور دوبئی چلی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق قاتل سلیم کا کہنا ہے کہ نازیہ اس سے دوبئی روانگی کیلئے 70ہزار روپئے کا مطالبہ کررہی تھی اور اس بات پر وہ جھگڑا بھی کررہی تھی تاہم پولیس اس بات کا پتہ چلانے میں مصروف ہے کہ آیا سلیم نے نازیہ سے قرض لیا تھا۔ جبکہ ان دونوں کے درمیان سوائے دوستی کے اور کسی قسم کے تعلقات کا پتہ نہیں چلا۔ ڈی سی پی کے مطابق دونوں میں رقم کی بات پر جھگڑا ہوا تھا اور مقتولہ نے قاتل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ رقم کا انتظام کرے یا پھر اس کی بیوی کو طلاق دے جس کی وجہ اس نے اپنی زندگی سے پریشانی کو ختم کرنے کیلئے نازیہ کو ختم کرنے کا مبینہ منصوبہ تیار کیا۔ پولیس نے قاتل کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔

TOPPOPULARRECENT