Wednesday , May 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی

ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی

لاہور۔11 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ٹسٹ کرکٹر ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔جسٹس ریٹائر اصغر حیدر کی سربراہی میں سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا اور سابق وکٹ کیپر وسیم باری پر مشتمل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے ناصر جمشید کے خلاف اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر فیصلہ سنایا۔خیال رہے کہ ناصر جمشید پر پی سی بی کے ضابطہ اخلاف کی دو شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جس میں سے ایک شق معلومات کی فراہمی کے حوالے سے ہے جس میں انہیں سزا سنائی گئی۔پی سی بی حکام نے کہا ہے کہ ناصر جمشید نے اس مقدمہ میں تاخیری حربے اپنائے جس کی وجہ سے ان پر پابندی عائد کی گئی۔ٹریبیونل کے فیصلے پر ناصر جمشید کے وکیل فیصل وڑائچ نے موقف اختیار کیا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے ان کے موکل کو اسپاٹ فکسنگ کے الزامات سے بری کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس مقدمہ میں کامیابی ہوئی ہے جبکہ ان کے موکل کو صرف معلومات فراہم نہ کرنے پر ایک سال کی پابندی کا سامنا ہوا ہے۔پی سی بی کے سابق چیئرمین توقیر ضیا نے پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں ٹسٹ کرکٹر ناصر جمشید کو مرکزی ملزم قرار دیا ہے۔رواں برس 30 اگست کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے شرجیل خان کے خلاف اسپاٹ فکسنگ مقدمہ میں لگائے گئے الزامات ثابت ہونے پر 5 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔علاوہ ازیں اس مقدمہ میں ملوث خالد لطیف پر الزامات ثابت ہونے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے 5 سال کی پابندی عائد کردی تھی جبکہ شاہ زیب حسن سے متعق مقدمہ ابھی زیر التواء ہے۔

TOPPOPULARRECENT