Tuesday , January 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / ناقابل تسخیر سری لنکا کا آج بنگلہ دیش سے مقابلہ

ناقابل تسخیر سری لنکا کا آج بنگلہ دیش سے مقابلہ

میرپور ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متواتر تین مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے ایشیا کپ میں ناقابل تسخیر موقف میں موجود سری لنکائی ٹیم کل میزبان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری مقابلہ کھیلے گی۔ چار مرتبہ کی ایشیائی چمپین ٹیم سری لنکا نے پہلے ہی پاکستان، ہندوستان اور افغانستان کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے اور وہ ان فتوحات

میرپور ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متواتر تین مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے ایشیا کپ میں ناقابل تسخیر موقف میں موجود سری لنکائی ٹیم کل میزبان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری مقابلہ کھیلے گی۔ چار مرتبہ کی ایشیائی چمپین ٹیم سری لنکا نے پہلے ہی پاکستان، ہندوستان اور افغانستان کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے اور وہ ان فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے کل بنگلہ دیش کے خلاف بھی کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو ٹورنمنٹ کے اپنے تینوں مقابلوں میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ ٹورنمنٹ میں ٹیموں کے جدول میں آخری مقام پر پہونچ چکی ہے۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے لئے ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی افغانستانی ٹیم کے خلاف بھی حوصلوں کو پست کرنے والی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بنگلہ دیش نے گزشتہ مقابلے میں پاکستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ونڈے میں اپنا اعظم ترین اسکور 326/3 بناتے ہوئے کامیابی کے لئے ٹھوس بنیاد رکھی تھی لیکن شاہد آفریدی کی 25 گیندوں میں 59 رنز کی برق رفتاری بیٹنگ نے ان کی تمام امیدواروں پر پانی پھیر دیا۔ بنگلہ دیش کل کھیلے جانے والے مقابلے میں سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے وقار کو بحال کرنے کے لئے کوشاں ہوگی اور امید کی جارہی ہے کہ اس کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین انعام الحق، عمرالقیس، مومن الحق، کپتان مشفق الرحیم اور آل راؤنڈر شکیب الحسن سے پاکستان کے خلاف کئے جانے والے مظاہروں کے اعادہ کی اُمید کی جارہی ہے۔

شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں بنگلہ دیش کے لئے حالات آسان نہیں ہوں گے کیونکہ سری لنکائی ٹیم ٹورنمنٹ میں غیرمعمولی مظاہرہ کررہی ہے۔ سری لنکا کے لئے سینئر بیٹسمین کمارا سنگاکارا شاندار فام میں ہونا ٹیم کیلئے کامیابی میں کلیدی رول ادا کررہا ہے جیسا کہ انہوں نے گزشتہ تین مقابلوں میں 67 ، 103 اور 76 رنز اسکور کئے ہیں اور اگر بنگلہ دیش کو سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرنی ہے تو میزبان ٹیم کو ضروری ہوگا کہ وہ سنگاکارا کو جلد سے جلد آؤٹ کریں۔ علاوہ ازیں لہروتھریمینے نے بھی 145 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ہے جس میں پاکستان کے خلاف سنچری بھی شامل ہے۔

کوسل پریرا اور کپتان اینجیلو میتھیوز دو ایسے بیٹسمین ہیں جنہوں نے ٹورنمنٹ میں تاحال نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا ہے۔ بنگلہ دیش کیلئے کپتان مشفق الرحیم کے مظاہرے قابل ستائش ہیں جنہوں نے ہندوستان کے خلاف 117 رنز اسکور کرنے کے علاوہ تین مقابلوں میں مجموعی طور پر 191 رنز اسکور کئے ہیں۔ میزبان ٹیم کیلئے اننگز کے آغاز پر انعام الحق کے مظاہرہ بھی قابل ذکر ہیں جنہوں نے تین اننگز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کے ذریعہ ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ہے۔ علاوہ ازیں مومن الحق نے 124 رنز جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے ،کے علاوہ 3 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ بنگلہ دیش کیلئے بولنگ کے ناقص مظاہرے تشویش کا باعث ہے۔ بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر اور سری لنکائی فاسٹ بولر لستھ ملنگا کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT