Saturday , December 15 2018

ناقص فیلڈنگ کے حامل کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں:آرتھر

کراچی ۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ناقص فٹنس اور فیلڈنگ کے حامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیم کے دروازے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کھلاڑی اچھی فیلڈنگ نہیں کر سکتا، وہ پاکستان کے لئے نہیں کھیل سکتا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیم میں انتخاب سے قبل وہ کھلاڑی کی تمام شعبوں خصوصاً فیلڈنگ میں جائزہ لیتے ہیں۔ ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی20 سیریز کے لیے ان 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جو کھیل کے تمام شعبوں میں اچھے ہیں۔انہوں نے کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم میں دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے تاکہ ٹیم میں توانائی لا سکیں۔نامور ویسٹ انڈیز کھلاڑیوں کی ٹوئنٹی20 سیریز سے ممکنہ غیرحاضری اور پاکستان نہ آنے کے حوالے سے سوال پر آرتھر نے کہاکہ میں اس کی وجوہات نہیں جانتا لیکن پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم متوازن ہے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں چند بہت اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامران اکمل اچھے بیٹسمین ہیں اور پاکستان سوپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں انہوں نے بہت رنز بھی اسکور کیے ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ فیلڈنگ اچھی نہیں کرتے۔یاد رہے کہ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل)کے تیسرے ایڈیشن میں کامران اکمل نے انتہائی شاندار بیٹنگ کی تھی جس پر ان کی ٹیم میں واپسی کی باتیں زور پگڑنے لگی تھیں لیکن کوچ ناقص فیلڈرس کے لئے ٹیم کے دروازے بند کردئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT