Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ناقص مظاہرہ اور برتاؤ،ہاکی کپتان رانی ٹیم سے باہر

ناقص مظاہرہ اور برتاؤ،ہاکی کپتان رانی ٹیم سے باہر

نئی دہلی 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ناقص مظاہروں اور برتاؤ کے مسائل کی وجہ سے ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی کپتان ریتو رانی کو اولمپکس اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ریو اولمپک کے لئے قطعی 16 رکنی ٹیم کا انتخاب اندرون تین دن ہونا ہے لیکن ٹیم انتظامیہ کے سینئر ارکان نے توثیق کردی ہے کہ بنگلور میں رواں قومی کیمپ سے ریتو رانی کو باہر ہی رکھا گیا ہے۔  اعلیٰ عہدیداروں نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یہ صحیح ہے کہ ریتو کو اولمپک کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور اِن کی عدم شمولیت کی واضح طور پر دو وجوہات ہیں۔ ایک تو اِن کا ناقص مظاہرہ ہے دوسرا اِن کا برتاؤ ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ریتو کو پہلے ہی واضح کردیا گیا تھا کہ وہ اپنے مظاہرہ کو بہتر بنائے لیکن انھوں نے اپنے مظاہروں میں بہتری نہیں دکھائی۔ دریں اثناء قومی کیمپ بنگلور میں جاری ہے اور چند دنوں کے بعد یہ دہلی منتقل ہوجائے گا جبکہ ریتو کیمپ میں شرکت سے محروم ہیں۔ ریتو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم 1980 ء کے بعد 36 برسوں میں پہلی مرتبہ اولمپک میں رسائی حاصل کی ہے۔ 24 سالہ ریتو ایک دہے سے ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی کلیدی کھلاڑی ہیں اور مڈ فیلڈ میں اِن کی موجودگی اہم سمجھی جاتی ہے۔ ریتو رانی کی عدم موجودگی میں ٹیم کی ایک اور سینئر کھلاڑی رانی رام پال کو قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ دریں اثناء ہاکی انڈیا کے صدر نریندر بترا نے کوشش کی ہے کہ اِس مسئلہ کو حل کرلیا جائے اور کھلاڑی کی جانب سے پیدا شدہ مسائل کو ختم کیا جائے۔ اِس ضمن میں سردار بترا نے کہاکہ یقینا ریتو کے لئے یہ ایک مسئلہ ہے لیکن ٹیم کا ہنوز اعلان نہیں کیا گیا ہے اور 12 جولائی کو باضابطہ طور پر ٹیم کا اعلان کردیا جائے گا۔ انھوں نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے ریو اولمپک کے لئے ہندوستانی ہاکی ٹیم کی کپتان اور نائب کپتان کی سفارشات کی ہیں اور 11 جولائی کو ہاکی انڈیا کے ایکزیکٹیو بورڈ اجلاس میں کھلاڑیوں کو قطعیت دی جائے گی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT