Wednesday , November 21 2018
Home / Top Stories / نامور سیاستداں این ڈی تیواری کا انتقال

نامور سیاستداں این ڈی تیواری کا انتقال

وزیراعظم ‘ کانگریس پارٹی ‘ متعدد چیف منسٹرس و قائدین کے پیامات تعزیت
نئی دہلی ۔ 18اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نامور سیاستداں اور موجودہ طور پر بی جے پی لیڈر نرائن دت تیواری جو مختلف عہدوں پر مرکز اور ریاستوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں آج اپنی سالگرہ کے دن طویل علالت کے بعد سہ پہر ایک خانگی اسپتال میں انتقال کرگئے ۔ تیواری میکس سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے ۔ وہ قلب پر حملہ کے بعد دواخانہ میں شریک ہوئے تھے ۔ آج وہ 93سال کے ہوگئے تھے ۔ وزیراعظم نریندر مودی، اُن کے پیشرو منموہن سنگھ، کانگریس پارٹی اور صدر کانگریس، صدر بی جے پی امیت شاہ، متعدد چیف منسٹروں بشمول چیف منسٹر اتراکھنڈ ترویندرسنگھ راوت، چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور کئی دیگر قائدین نے این ڈی تیواری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہیں گزشتہ سال دماغ پر حملہ بھی ہوا تھا ۔ تیواری منفرد اور نمایاں انداز میں دو ریاستوں پہلے یو پی اور پھر اتراکھنڈ کے چیف منسٹر رہے تھے ۔ ان کا آبائی مقام اتراکھنڈ میں واقع ہے ۔ انہوں نے کانگریس آئی کے قیام میں بھی شرکت کی تھی جبکہ کانگریس سے ایک گروپ نے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ 1995ء میں تیواری نے نامور کانگریس لیڈر ارجن سنگھ کے ساتھ اور پھر وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کے دوراقتدار میں بھی کام کیا تھا ۔ بعد ازاں وہ مرکزی وزیر کی حیثیت سے پارٹی کی کئی حکومتوں میں خدمات انجام دیں ۔ وہ تین بار اترپردیش کے چیف منسٹر رہے اور 2002-07ء میں اتراکھنڈ کے چیف منسٹر تھے ۔ 2007ء سے 2009ء تک گورنر آندھراپردیش رہے لیکن ایک جنسی اسکینڈل کے بعد انہیں استعفیٰ دینے پرمجبور ہونا پڑا۔ بعدازاں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے گزشتہ سال جنوری میں اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ 18اکٹوبر 1925ء کو نینی تال میں پیدا ہوئے تھے اور الہ آباد یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT