Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / نامور صوفی قوال امجد صابری پاکستان میں طالبان کے ہاتھوں قتل

نامور صوفی قوال امجد صابری پاکستان میں طالبان کے ہاتھوں قتل

کراچی ۔ 22 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے بہترین صوفی قوالوں میں سے ایک جو روح میں اُتر جانے والی صوفیانہ شاعری ساز پر پیش کرنے کیلئے شہرت رکھتے تھے آج نامعلوم بندوق برداروں نے اُنھیں گولی مارکر ہلاک کردیا۔ یہ چُن چُن کر دہشت گرد حملے کا نشانہ بنانے کا ایک واقعہ ہے ۔ 45 سالہ صابری اپنی کار میں کراچی کے گنجان آباد علاقے لیاقت آباد سے گذر رہے تھے جبکہ موٹر سائیکل سوار بندوق برداروں نے اُن کی گاڑی پر فائرنگ کی ، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے ۔ حملہ آوروں نے اُن کی کار روک کر حملہ کیا تھا جبکہ امجد صابری گاڑی چلارہے تھے ۔ سندھ پولیس کے سربراہ اﷲ دین خواجہ نے کہا کہ اُنھیں عباسی شہید ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں صابری زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جبکہ اُن کے قریبی باعتماد ساتھی کا بھی انتقال ہوگیا۔ پاکستانی طالبان نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ وہ ایک خانگی ٹی وی چینل کے اسٹوڈیو جارہے تھے

 

جبکہ اُن پر حملہ کیا گیا ۔ سندھ محکمہ داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ان اطلاعات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ امجد صابری نے تحفظ فراہم کرنے کی حکومت سے درخواست کی تھی ۔ امجد صابری یوروپ اور امریکہ میں بھی اپنے پروگرام پیش کرچکے ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا ۔ اُن کے علاوہ صدرنشین سنسر بورڈ فخرعالم ، اپوزیشن سیاستدانوں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے بھی پیغام تعزیت روانہ کیا ۔ 2014 ء میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہانت مذہب کے الزام میں دو خانگی ٹی وی چینلوں کو نوٹس دی تھی جہاں سے صابری کی قوالی نشر کی جارہی تھی ، ایک وکیل نے اس کا ذمہ دار صابری اور شاعر عقیل محسن نقوی کو قرار دیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT